روڈ سیکٹر کی7 ترقیاتی سکیموں کی تکمیل کیلئی4 ارب روپے سے زائد کی منظوری دیدی گئی

پیر 19 جون 2017 17:52

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء)حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2016-17 کے دوران روڈ سیکٹر کی7 ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر4 ارب 48کروڑ12لاکھ 79ہزار روپے کی منظوری دے دی ، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق صوبہ بھر میں سڑکوں کا جا ل پھیلایا جا رہا ہے ،خادم پنجاب دیہی روڈز پروگرام کی بدولت پنجاب کی دیہی معیشت مضبوط ہوئی ہے اور دیہی آبادی اس پروگرام سے مستفید ہورہی ہے۔

یہ بات صوبائی وزیر نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات میاں مشتاق،ایڈیشنل سیکرٹری عبدالمالک بھلہ اور دیگر متعلقہ افراد سے ایک میٹنگ کے دوران کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کو دوران بریفنگ بتایا گیا کہ ضلع شیخوپورہ میں ریلوے لائن کے ساتھ جنڈیالہ شیر خان،ہرن مینار،مائنر روڈ تا چیچو کی ملیاں برآستہ علامہ مشرقی پارک روڈ لمبائی 11.15 کلومیٹر کو دو رویہ کرنے، ضلع سیالکوٹ میں شہاب پورہ چوک ڈیفنس روڈ پر فلائی اوور کی تعمیر ، ضلع سرگودھا میں کوٹ مومن بھبرہ روڈ تا ٹھٹھی نور برآستہ چک نمبر 19/SB ،ابدال،سلام، پھلرواں اور ٹھٹھی نورلمبائی 36.40 کلومیٹرروڈ کی تعمیرو مرمت ، کشادگی اور بحالی، ضلع راولپنڈی میں راوت ہراکا ڈھڈیال روڈ (فیز I) راوت تا جوریاںلمبائی 36 کلومیٹر روڈ کی تعمیر و مرمت ، کشادگی اور بحالی، ضلع چکوال میں بچل کلاں تا للاں لمبائی 25 کلومیٹر فیز I ، لمبائی 13 کلومیٹر روڈ کی کشادگی و بہتری ، ضلع رحیم یار خان میں اللہ آبادپرانی تحصیل ہیڈ کوارٹر تا لیاقت پورنئی تحصیل ہیڈ کوارٹر لمبائی 6 کلومیٹر روڈ کو دو رویہ کرنے اور بہاولپور میں بہاولپور سٹیشن تا بینو ہسپتال برآستہ بندراں ، پلی دیوان، پلی صدر، پلی کالی لمبائی 13.50 کلومیٹرپر اضافی رنگ روڈ کی تعمیر کی منظوری شامل ہے۔