واسا نے پری مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرلی ہے ، شہر کو چا ر حصوں میں تقسیم کرکے خصوصی مراکز بنائے گئے ہیں

چیئرمین واسا ضیاء اللہ شا ہ کا اجلاس سے خطاب

پیر 19 جون 2017 17:02

واسا نے پری مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرلی ہے ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) چیئرمین واسا ضیاء اللہ شا ہ نے کہاہے کہ واسا نے پری مون سون بارشوں سے نمٹنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کرلی ہے جس کے تحت شہر کو چا ر حصوں میں تقسیم کرکے خصوصی مراکز بنائے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے اور شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے واسا کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں پری مون سون منصوبہ بندی کا جائزہ لیا گیا۔

انہوںنے کہاکہ خصوصی مر اکز خیابان سرسید ، سیٹیلائٹ ٹائون ، موتی محل اور لیاقت باغ میں قائم کئے گئے ہیں جہاں مجموعی طور 28ڈی واٹرننگ مشینیں موجود ہیں اور ہر شکایت سیل کی نگرانی ایک ایس ڈی او کریگا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ نالہ لئی میں بھی پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے اورسیکرٹری ہائوسنگ نے بھی نالہ لئی اور سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بنائے گے ایمرجنسی پلان کا جائزہ لیا ہے۔

چیئرمین واسا ضیاء اللہ شا ہ نے کہا کہ میونسپل کارپوریشن میں ایک خصوصی مانیٹرنگ یونٹ بھی ریسکیو1122 کے زیر نگرانی قائم کیا گیا ہے جہاں واسا، واپڈا، گیس اور ریسکیو1122کی ٹیمیں الرٹ موجو د ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری طور پر کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ میونسپل کارپویشن میں قائم خصوصی مانیٹرنگ یونٹ میں کسی بھی ہنگامی صوتحال میں تمام محکموں کی ٹیمیں بروقت کاروائی عمل میں لائیں گی تاکہ جانی اور مالی نقصان سے بچا جا سکے۔

چیئرمین واسا ضیاء اللہ شا ہ نے کہا کہ شہریوں سے بھی تعاون کی بھر پور اپیل کی جاتی ہے کہ نالہ لئی کو صاف رکھیں اور اس میں عمارتی ملبہ یا گند ی وغیر نہ پھینکیں اور خصوصی شاپنگ بیگ مناسب انداز میں تلف کریں کیونکہ شاپنگ بیگ سیورج سسٹم میں رکاوٹ پید ا کر دیتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ واسا کی کارکردگی کو مذید بہتر بنانے کیلئے شہریوں کا تعان ناگزیر ہے۔