ْبھارت پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین سے ہر منفی حربہ استعمال کر رہاہے ‘ لیاقت بلوچ

پیر 19 جون 2017 16:56

ْبھارت پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین سے ہر منفی حربہ استعمال ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) قائم مقام امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے فیصل آباد میں عوامی افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ غربت ، بے روزگاری ، مہنگائی ، ذلت و رسوائی کے سٹیٹس کو نظام ،کرپشن ، کرپٹ مافیا اور کرپٹ نظام حکومت کی وجہ سے پوری قوم کی نظریں سپریم کورٹ پر لگی ہیں کہ اب کرپشن پر مبنی پانامہ کیس کااونٹ کسی کروٹ بیٹھ جانا چاہیے،عدالتی فیصلہ ہر طرح کے دبائو سے آزاد اور آئین ، قانون اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق ہو، 70 سا ل سے مسلسل بڑھتی کرپشن کا اب سر کچلنا قومی سلامتی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے ضروری ہوگیاہے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ جلال آباد میں پاکستانی سفارتکار وں کالاپتہ ہونا تشویشناک خبر ہے ۔

(جاری ہے)

بھارت پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین سے ہر منفی حربہ استعمال کر رہاہے ۔ امریکہ افغانستان سے فوج نکالنے کی بجائے مزید کمک بھیج رہاہے ۔ حکومت اور پارلیمنٹ افغانستان کی صورتحال ، بھارت کی پاکستان دشمن حکمت عملی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف واضح پالیسی اور عالمی سفارتی محاذ پر سرگرمی کا لائحہ عمل بنائے ۔

دریں اثنا لیاقت بلوچ نے قومی کرکٹ ٹیم کی فتح پر اللہ کا شکر اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی خصوصاً سرفراز احمد کی کپتانی ، نوجوان فخر زمان ، حسن علی شاداب اور تجربہ کار کھلاڑی محمد حفیظ ، اظہر علی اور محمد عامر نے خوب رنگ جمایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کسی کو توقع نہیں تھی کہ قومی کرکٹ ٹیم اوول میں چیمپئنز ٹرافی اس طریقے سے جیتے گی اور بھارتی ٹیم بری طرح ہار ے گی ۔ انہوں نے کہاکہ نوجوان کھلاڑی ٹیم ورک اور خوب محنت سے جیتے اس جیت سے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کا دروازہ کھل جاناچاہیے ۔