صوبائی وزیر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، اشیاء کی طلب، رسد کی نگرانی کا حکم

آخری عشرے میں پھلوں، سبزیوںسمیت کسی بھی شے کی قلت نہ ہو‘ ملک ندیم کامران

پیر 19 جون 2017 16:55

صوبائی وزیر کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی کا اجلاس، اشیاء کی طلب، رسد کی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) رمضان بازاروں کے انتظامات اور اشیاء خوورونوش کی قیمتوں ،معیار، طلب اور رسد کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کمیٹی برائے رمضان پیکج کا اجلاس صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات ملک ندیم کامران کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ رمضان المبارک کے آخری عشرے میں عید کی خریداری کے پیش نظر پھلوں، سبزیوں اور دیگر اشیا ء کی طلب اور رسد پر چیک رکھا جائے تاکہ کسی بھی شے کی قلت نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے عوام کی سہولت کیلئے آٹے اور چینی پر خصوصی سبسڈی دی ہے۔ ساہیوال، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں سبسڈائزڈ آٹے کی دستیابی مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے ملک ندیم کامران نے کہا کہ اضلاع میں سبسڈائزڈ آٹارمضان بازاروں میں ہی نہیں بلکہ اوپن مارکیٹ میں بھی وافر مقدار میں فراہم کیا گیا ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل چیف سیکرٹری شمائل احمد خواجہ نے ڈپٹی کمشنر لاہور کو ہدایت کی کہ ٹماٹر کی قیمت میں استحکام کیلئے اسکی رسد میں اضافہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان بازاروںمیں اشیاء کے معیار اور ناپ تول کاخاص خیال رکھا جائے اور ہر بازار میں الیکٹرانک ریٹ لسٹ نصب ہونی چاہئے۔ انہوں نے حکم دیا کہ گرانفرشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کریک ڈا ئون بھرپور انداز میں جاری رکھا جائے۔

رمضان بازاروں کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اوران بازاروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اورگردونواح میں بھی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہپرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے صوبہ بھر میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 229,100مقامات پر چھاپے مارے ،4108افراد کے خلاف مختلف تھانوں میںمقدمات درج کروائے گئے اور مجموعی طور پر4285افراد کو گرفتار کروایا گیا۔

صوبہ میں 319 رمضان بازاروں میں40لاکھ سے زائدآٹے کے تھیلے فروخت ہو چکے ہیں۔ رمضان بازاروں میںمحکمہ زراعت کی فیئر پرائس شاپس پر پھل اور سبزیاں کنٹرول ریٹ پر دستیاب ہیں اور کسی بھی شے کی کمی نہیں ہے ۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹریز، سیکرٹری فوڈ، ڈپٹی کمشنر لاہور اور محکمہ زراعت، لائیوسٹاک کے افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :