برآمدکنندگان کیلئے وزیراعظم مراعاتی پیکیج میں توسیع خوش آئند ہے، خلدون جاوید ملک

توسیع پیکیج سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا تجارتی پالیسی پر نظر ثانی درست سمت قدم برآمدات میں اضافہ کیلئے مختص رقم استعمال کی جائے ،چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن

پیر 19 جون 2017 16:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2017ء) چیئرمین لاہور ٹائون شپ انڈسٹریز ایسوسی ایشن خلدون جاویدملک نے کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے ویراعظم کے مراعاتی پیکیج میں30ستمبر2017تک توسیع کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم کے توسیعی پیکیج سے ملکی برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا ۔انہوںنے حکومت کی جانب سے تجارتی پالیسی پر نظر ثانی کرنے کے فیصلہ کو درست سمت قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ 11ماہ میں تجارتی خسارہ30ارب ڈالر تک پہنچنا ملکی معاشی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے تجارتی خسارے پر قابو پانے ، برآمدات میں اضافے اور درآمدات میں کمی لانے کے حکومتی دعوے پورے نہیں ہوسکے جس کی ایک بڑی وجہ تجارتی پالیسی میں مختص اربوں روپے کی رقم کا استعمال نہ ہونا بھی ہے انہوںنے کہا کہ رواں مالی سال کے پہلی11ماہ کے دوران تجارتی خسارہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح30ارب ڈالر تک پہنچ گیا جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 21ارب 10کروڑ 70لاکھ ڈالر تھا اس طرح برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلی11ماہ میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں3.13فیصد کمی اور درآمدات میں20.60فیصد اضافہ ہوا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سینئر وائس چیئرمین ڈاکٹر شفیق اے نقی وائس چیئرمین میاں شہریار علیکے ساتھ ٹائون شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ خلدون جاوید ملک نے کہا کہ تجارتی پالیسی پر نظر ثانی اور نئی تجارتی پالیسی کی تیاری کے لیے تمام چیمبرز اور ایسوسی ایشن سے مشاورت کی جائے اور ان سے مذاکرات کیے جائیں تاکہ ان کی تجاویز اور مشاورت سے نئی قابل عمل تجارتی پالیسی تیار ہوسکے۔نیز تجارتی پالیسی میں مختص رقم کو برآمدات میں اضافہ کیلئے استعمال میں لایا جائے جس میں بیرون ملک نئی منڈیوں کی تلاش اور ملکی مصنوعات کی بیرون ملک نمائش بھی شامل ہے۔تاکہ برآمدات بڑھ سکیں۔