حکومت نجی شعبے کے تعاون سے بند اسکولز کھولے گی، جام مہتاب حسین ڈھر

پیر 19 جون 2017 16:26

حکومت نجی شعبے کے تعاون سے بند اسکولز کھولے گی، جام مہتاب حسین ڈھر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) صوبائی وزیر تعلیمی جام مہتاب حسین ڈھر نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیمی سندھ نے اب تک دو ہزار سے زائد بند اسکولز کھول دئیے ہیں جبکہ باقی ماندہ بند اسکولز جن کی تعداد دو ہزار کے قریب ہے ان کو کھولنے کے لئے نجی شعبے کا تعاون حاصل کیا جارہا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لئے سول سوسائٹی کی شمولیت بہت ضروری ہے۔

یہ بات انہوں نے پیرکواپنے دفتر میں این جی اوز کے نمائندوں کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں سیکریٹری تعلیمی اسکولز عبدالعزیز عقیلی, چیف مینیجر ریفارم سپورٹ یونٹ فیصل عقیلی, ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن ناہید شاہ درانی, صدرمملکت کے مشیر ڈاکٹر امانت جلبانی, ڈائریکٹرز آئی بی اے کراچی اور سکھر, انڈس ریسورس ,زیبسٹ,اخوت, سیٹیزن فاؤنڈیشن اور آغا خان فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

میٹنگ کے شرکا ء نے سندھ میں بند اسکولز کھولنے کے لئے کئی تجاویز دیں۔ یہ بات بھی مشاہدے میں آئی کہ زیادہ تر بند اسکولوں کا تعلق دوردراز علاقوں سے ہے لہٰذا یہ مناسب ہوگا کہ ان اسکولوں کو کھولنے کے لئے مقامی اسٹاف بھرتی کیا جائے اور ان بند اسکولوں کو کھولنے کے لئے سخت اقدامات اُٹھا ئے جا ئیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ محکمہ تعلیم متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو بند اسکولوں کی فہرست ای میل کرے گا تاکہ وہ اپنی مرضی کے اسکول کا انتخاب اپنی سہولت دیکھتے ہوئے کرلیں. صوبائی وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام کو تعلیمی اداروں کا ماحول اور تعلیمی معیار بہتر کرنے کی ہدایت دیں انہوں نے نجی شعبے سے بھی درخواست کی کہ وہ آگے بڑھ کر سندھ میں تعلیم کی بہتری کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔