حکومت رواں سال ہر صورت بلدیاتی انتخابات کرائیگی‘ بجٹ میں50کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے‘ اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کرنے ، نئی قیادت کی تیاری اور گراس روٹ لیول پر عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر ہے‘لیگی کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں

وزیر اعظم آزاد حکومت آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر کی شیخ نسیم سے ملاقات میں گفتگو

پیر 19 جون 2017 15:33

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 19 جون2017ء) وزیر اعظم آزاد حکومت آزاد جموں و کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت رواں سال کے اندر ہر صورت میں بلدیاتی انتخابات کرائے گی۔ آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات یقینی بنانے کے لئے بجٹ میں50کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ اقتدار کو نچلی سطح پر منتقل کرنے ، نئی قیادت کی تیاری اور گراس روٹ لیول پر عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مقامی حکومتوں کا قیام ناگزیر ہے۔

مسلم لیگ ن کے کارکنان کو با اختیار اور باوقار انداز میںحکومتی معاملات میں شریک کار بنائیں گے انہیں سرکاری ملازم نہیں بلکہ حکمران بنائیں گے۔ لیگی کارکنان بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کر دیں۔ ماضی میں آزاد کشمیر کے اندر بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر کوئی توجہ نہیں دی گئی لیکن موجودہ حکومت بلدیاتی انخابات کے انعقاد میں سنجیدہ ہے اور عوام سے کیا گیا یہ وعدہ ہر صورت میں ایفا کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق سیکرٹری الیکشن کمشن و سابق الیکشن کمشنر بلدیات شیخ نسیم سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شیخ نسیم نے یہاں وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے ملاقات کی اور آزاد کشمیر میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن آزاد کشمیر نے آزاد خطہ کے عوام سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا وعدہ کر رکھا ہے۔

لیگی حکومت یہ وعدہ پورے کرنے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ اس مقصد کے لئے بجٹ میں500ملین روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ مسلم لیگ نے انتخابات کے دوران آزاد کشمیر کے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان پر عمل درآمد ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا۔ بلدیاتی الیکشن مسلم لیگ ن کے منشور کا حصہ ہے جس پر سو فیصد عمل درآمد ہو گا۔ آزاد کشمیر میںبلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے ہزاروں لوگ ریاستی ترقی اور خوشحالی کے عمل میں براہ راست شریک ہونگے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ماضی میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور بلدیاتی نظام کی بحالی کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ جس سے بلدیاتی نظام بری طرح متاثر ہوا اور عام آدمی تعمیر و ترقی اور اقتدار میں شراکت سے دور ہ گیا۔ عوام کو ترقی اور اقتدار میں شریک کئے بغیر پائیدار ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے کارکنا ن کو سامنے لایا جائے گا۔

خاص طور پر نوجوانوں اور خواتین کے لئے بلدیاتی انتخابات میں کوٹہ مختص کیا جائے گا اور کارکنا ن کو باوقار انداز میں اقتدار اور فیصلہ سازی میں شامل کیا جائے گا۔ حکومت آزاد کشمیر رواں سال کے اندر بلدیاتی انتخابات کرائے گی اور اقتدار کو عوامی سطح پر منتقل کیاجائے گا۔ پاکستان مسلم لیگ ن اپنے انتخابی منشور پر عمل درآمد پر یقینی بنائے گی۔ منشور پر عمل درآمد کے لئے حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔

متعلقہ عنوان :