بھارت کیخلاف تاریخی جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے سمیت 3قرار دادیں پنجاب اسمبلی میں جمع

قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش ، حکومت ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے تمام سفارتی ذرائع استعمال کرے ‘ قرار داد میں مطالبہ رمضان بازاروں میں پلاسٹک ملی چینی کی فروخت ،چوبچہ انڈر پاس کی تعمیر تاخیر کا شکار ہونے کیخلاف 2تحاریک التوائے کار ،بچوں کیلئے مضر صحت دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سوال بھی جمع

پیر 19 جون 2017 15:28

بھارت کیخلاف تاریخی جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے سمیت ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف تاریخی جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ،یوٹیلیٹی سٹورز پر چینی میں پلاسٹک کا دانہ مکس کرکے فروخت کرنے کے انکشاف کے خلاف اور تمام سرکاری ہسپتالوں میں پی سی آر ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے 3قرار دادیں ، رمضان بازاروں میں پلاسٹک ملی چینی کی فروخت اور چوبچہ انڈر پاس کی تعمیر تاخیر کا شکار ہونے کے خلاف 2تحاریک التوائے کار جبکہ بچوں کے لئے مضر صحت دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سوال پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دیا گیا ۔

پیپلز پارٹی کے میاں خرم جہانگیر وٹو کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی میں بھارت کے خلاف تاریخی جیت پر کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جس انداز میں پاکستان نے چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں کھیل پیش کیا کہ وہ قابل تحسین ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے دنیا بھر میں یہ بھی ثابت کر دیا ہے ہمیں کرکٹ سے دور نہیں رکھا جا سکتا ہے ۔

لہٰذا حکومت سے مطالبہ ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لئے تمام سفارتی ذرائع استعمال کرے اور ملک کے اندر ڈیپارٹمنٹ اور لوکل سطح پر کرکٹ کو فروغ دینے کے عملی اقدامات کئے جائیں ۔ڈپٹی اپوزیشن لیڈر محمد سبطین خان کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یوٹیلیٹی سٹور عوام کو سستی اور معیاری اشیا خوردو نوش فراہم کرنے میں ناکام ہے ،یوٹیلیٹی سٹورز پر مہیا کی جانے والی چینی میں پلاسٹک کا دانہ مکس کرکے فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔

اس انکشاف پر صوبہ بھر کی عوام میں شدید تشویش کی لہر پائی جاتی ہے ۔ قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے سزا مقرر کی جائے اگر حکومت عوام کو سبسڈی کے نام پر زہر کھلانے پر تلی ہوئی ہے تو بہتر ہے کہ وہ یوٹیلیٹی سٹورز کو بند کر دے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے مخدوم سید مرتضی محمود کی جانب سے جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے سرکاری ہسپتالوں کو اربوں روپے کے فنڈز دئیے جا رہے ہیں، اس کے باوجود سرکاری ہسپتالوں میں پی سی آر ٹیسٹ کی سہولیات میسر نہیں۔

قرارداد میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر جگر کے مریضوں کے لیے پنجاب بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے ہسپتالوں میں بغیر فیس پی سی آر ٹیسٹ کی سہولیات مہیا کرے۔ مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب بھر کے رمضان بازاروں اور یوٹیلٹی سٹور،فیئر پرائس شاپس پر پلاسٹک ملی چینی کی فروخت پر تحریک التوائے کار جمع کروائی ۔

انہوںنے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کی جائے ۔تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی نبیلہ حاکم علی نے چوبچہ انڈر پاس کی تعمیر تاخیر کا شکار ہونے کے خلاف اسمبلی میں تحریک التوا جمع کروائی۔جبکہ مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے بچوں کے لئے مضر صحت دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف پنجاب اسمبلی میں سوال جمع کرادیا جس میں کہا گیا ہے کہ حکومت نے 2012میں برسٹ فیڈنگ ایکٹ پاس کیا تھا کیا حکومت اس ایکٹ کے تحت شیر خوار بچوں کی صحت کے ساتھ کھیلنے والے مجرموں کے خلاف کوئی کاروائی کررہی ہے۔

حکو مت نے اب تک کتنے ملزمان کو گرفتار کیا ہے جو بچوں کیلئے مضر صحت ملک پائو ڈر فروخت کرتے ہیں اور اب تک کتنے ملزمان کو جرمانے اور سزائیں سنائی گئی ہیں ۔اگر کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوا تو کیا حکومت ان کے خلاف کاروائی کا ارادہ رکھتی ہے۔