نئے کرنسی نوٹوں کی سروس، عوام میں بھرپور پذیرائی

ین افراد نے بکنگ کوڈ حاصل کیا ،40فیصد کو برانچوں سے نوٹ مل چکے، 23جون کاروباری دن کے اختتام تک نئے کرنسی نوٹ حاصل کیے جاسکتے ہیں، مرکزی بینک

پیر 19 جون 2017 15:16

نئے کرنسی نوٹوں کی سروس، عوام میں بھرپور پذیرائی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء)اسٹیٹ بینک آف پاکستان بینکنگ سروسز کارپوریشن (ایس بی پی بی ایس سی)نے عیدالفطر 2017کے موقع پر عوام کی نئے کرنسی نوٹوں کی طلب کو پورا کرنے کے لیے رمضان المبارک کے رواں مہینے میں بھی 12 جون 2017سے ایس ایم ایس شارٹ کوڈ پر مبنی سروس (8877) جاری کی۔یہ سروس پاکستان بھر میں ایس بی پی بی ایس سی کے 16 فیلڈ دفاتر اور 120 شہروں میں بینکوں کی 1002 ای برانچز کے نیٹ ورک کے ذریعے مہیا کی گئی ہے ، اس سروس کو عوام کی طرف سے بھرپور پذیرائی ملی ہے ، اسٹیٹ بینک کو عوام کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہورہی ہے کہ اب تک 1.6 ملین افراد نے بکنگ کوڈ حاصل کیا ہے جس میں سے لگ بھگ 40 فیصد کو ایکسچینج ویلیو کے عوض مذکورہ برانچوں سے نئے نوٹ مل چکے ہیں۔

صارفین کو خدمات فراہم کرنے کی بینک برانچوں کی استعداد کے پیش نظر ہمیں توقع ہے کہ یہ سروس چند روز میں اپنی زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچ جائے گی اور اس کے بعد نئی بکنگز ممکن نہ ہوں گی۔

(جاری ہے)

عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ بکنگ سروس اپنی زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچنے کے بعد بند کردی جائیگی۔ توقع ہے کہ سروس 20 جون 2017کے یوم کار کے اختتام تک زیادہ سے زیادہ حد تک پہنچ جائے گی، چنانچہ اس کے بعد مزید بکنگ کوڈ جاری نہیں کیے جائیں گے ، تاہم عوام میں سے جو افراد نئے کرنسی نوٹوں کے لیے بکنگ کوڈ حاصل کرچکے ہوں گے وہ جمعہ 23 جون 2017کے کاروباری دن کے اختتام تک نئے کرنسی نوٹ حاصل کرنے کے اہل ہوں گے بشرطیکہ بکنگ کوڈ درست ہو۔

یاد رہے کہ ایس ایم ایس سروس کے علاوہ بینک اپنی برانچوں اور اے ٹی ایمز کے ذریعے بھی اپنے صارفین کو نئے نوٹوں کی فراہمی جاری رکھ سکتے ہیں کیونکہ اسٹیٹ بینک انہیں کافی تعداد میں نئے نوٹ فراہم کررہا ہے ۔