ْکراچی جیل کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن، بیرکوں سے لاکھوں روپے نقد اور ممنوعہ سامان برآمد

آپریشن کے دوران صرف ایک بیرک سے 30 ٹی وی ،ایک قیدی سے سات لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے جہادی تنظیموں کے قیدیوں کے 12، ایم کیو ایم کے 70 اور گینگ وار سمیت 100سے سمارٹ موبائل فونز پکڑے گئے، ذرائع

پیر 19 جون 2017 15:16

ْکراچی جیل کی تاریخ کا سب سے بڑا آپریشن، بیرکوں سے لاکھوں روپے نقد اور ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) سینٹرل جیل میں رینجرز، ایف سی اورپولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران بیرکوں سے لاکھوں روپے نقد اور ممنوعہ سامان برآمد ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق گزشتہ ہفتے کراچی سینٹرل جیل سے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے دو قیدیوں کے فرار کے بعد دوسری مرتبہ آپریشن کیا گیا ہے۔جیل پولیس کے مطابق سینٹرل جیل میں ہونے والا آپریشن گئی گھنٹوں تک جاری رہا اور اس میں کالعدم تنظیم، لیاری گینگ وار اور خطرناک قیدیوں سمیت تمام بیرکس کی تلاشی لی گئی ۔

ایف سی، رینجرز اور پولیس کی اس مشترکہ کارروائی کو کراچی جیل کی تاریخ کا سب سے بڑا سرچ آپریشن کہا جارہا ہے۔ آپریشن کے دوران قیدوں کو بیرکس سے نکلنے پر پابندی تھی۔سرچ آپریشن کے دوران ایف سی اوررینجرز نے جیل میں قید 7 ہزار قیدیوں کی جامہ تلاشی لی جس کے دوران سیاسی جماعتوں، کالعدم تنظیموں اور لیاری گینگ وار ملزموں کے قبضے سے 35 لاکھ روپے سے زائد نقد رقم برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے بیرک سے 12، ایم کیو ایم کے بیرک سے 70 اور گینگ وار ملزمان کے بیرک سے 100 اسمارٹ فونز بھی پکڑے گئے ہیں۔ایف سی اور رینجرز نے اس کارروائی کے دوران مختلف بیرکس سے فریج ، ڈیپ فریزر اور فرنیچر کے علاوہ درجنوں ٹی وی بھی برآمد کئے ہیں، ذرائع نے بتایا کہ صرف ایک بیرک سے 30 ٹی وی جبکہ ایک قیدی سے سات لاکھ روپے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے بیرک سے قیدیوں کا کچا راشن اور گیس سلنڈرزبھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ ممنوعہ اشیا کی جیل میں موجودگی پر ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ سینٹرل جیل میں کالعدم تنظیم کے قیدیوں سے ملاقات پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔