کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے اور وزیر اعظم جلد شہر قائد کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے، گورنر سندھ

پیر 19 جون 2017 15:11

کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے اور وزیر اعظم جلد شہر قائد کے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) گورنرسندھ محمد زبیرنے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے اور وزیر اعظم جلد شہر قائد کے لئے ترقیاتی پیکیج کا اعلان کریں گے۔ گرین لائن، لیاری ایکسپریس وے اور ایم نائن کی تکمیل سے کراچی کے شہریوں کو آمدورفت کی جدید ترین سہولیات فراہم ہوں گی۔پیرکی صبح گورنرسندھ محمد زبیر نے کراچی میں لیاری ایکسپریس وے کے شمالی ٹریک کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا، اس موقع پر ایف ڈبلیو اوکی ٹیم نے گورنرسندھ کو شمالی حصے کے تعمیراتی کام کے بارے میں بریفنگ دی۔

اس موقع پرگورنر سندھ نے کہا کہ وفاقی حکومت تمام علاقوں کی یکساں ترقی کے وژن کے تحت کام کررہی ہے، گرین لائن، لیاری ایکسپریس وے اورایم نائن کی تکمیل سے شہریوں کو آمدورفت کی جدید ترین سہولیات فراہم ہوں گی، کراچی کی ترقی دراصل پاکستان کی ترقی ہے، وزیراعظم جلد کراچی کے لئے ترقیاتی پیکج کا اعلان کریں گے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ کے فوراورلیاری ایکسپریس وے میں وفاقی اورصوبائی حکومتیں مشترکہ شراکت دار ہیں، ایف ڈبلیو او اور این ایچ اے نے لیاری ایکسپریس وے منصوبے کی تکمیل کے لئے بہترین مہارت کا مظاہرہ کیا، ٹریک کے راستے کی تمام تجاوزات ختم کردی گئی ہیں، اکتوبرتک شمالی ٹریک ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولیات کراچی کے شہریوں کا بھی حق ہے۔ قبل ازیںگورنر سندھ محمد زبیر نے نارتھ ناظم آباد میں عبدالستار ایدھی کے نام سے منسوب انٹر چینج کا افتتاح کیا۔افتتاحی تقریب کے موقع پر گورنر سندھ نے کہاکہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور سب کو اس کی تعمیر و ترقی کے لئے مل کر کوشش کرنا ہوگی۔میئر کراچی وسیم اختر، سابق ناظم اور پی ایس پی کے سربراہ مصطفی کمال، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان اور مسلم لیگ ن کے عہدیدار بھی تقریب میں موجود تھے۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ گرین لائن کی تکمیل سے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی جبکہ ایدھی کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں اس انٹر چینج کو ان کے نام سے منسوب کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ یہ شہر ہم سب کا ہے، سب کو اس کی تعمیر و ترقی کے لئے مل کر کوشش کرنا ہوگی اور آج یہاں مختلف سیاسی جماعتوں کی موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم سب اس شہر کو اپنا سمجھتے ہیں۔