مسلم لیگ (ق) نے رمضان بازاروں میں پلاسٹک ملی چینی کی فروخت پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

چینی میں پلاسٹک کی آمیزش انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک، معدے کے السر اور کینسر کا باعث بنتی ہے‘خدیجہ فاروقی

پیر 19 جون 2017 13:48

مسلم لیگ (ق) نے رمضان بازاروں میں پلاسٹک ملی چینی کی فروخت پر تحریک التوائے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب بھر کے رمضان بازاروں اور یوٹیلٹی سٹور،فیئر پرائس شاپس پر پلاسٹک ملی چینی کی فروخت پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ہے ۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوںنے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت دیگرشہروں میں سستے رمضان بازاروں، یوٹیلٹی سٹوروں اور فیئر پرائس شاپس میں فروخت ہونے والی چینی میں پلاسٹک دانے کی آمیز ش کا انکشاف ہوا ہے ۔

یہ آمیزش انتہائی گھٹیا ادر مضر صحت ہے ،ہسپتالوں کی پلاسٹک ویسٹ کا دانا بنا کر چینی میں ملایا گیا ہے جس کی فروخت کی جارہی ہے پلاسٹک دانا ویسٹ 10سی20روپے کلو ملتا ہے جبکہ چینی میں ملا کر اس کی قیمت55سی60روپے فی کلو ہوجاتی ہے ۔

(جاری ہے)

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ منافع خورفوڈ مافیا انسانی صحت اور زندگیوں سے کھیلنے پر اتر آیا ہے ملز مافیا نے چینی میں مضر صحت قرار دیئے گئے میک پلاسٹ کی ملاوٹ کرڈالی جس کی تصدیق گھر گھر سے ہونے لگی ہے انہوںنے کہا کہ ماہرین کے مطابق چینی میں پلاسٹک کی آمیزش انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک ہے جو معدے کے السر اور کینسر کا باعث بنتی ہے ۔

انہوںنے کہا کہ انسانی جانوں سے کھیلنے والے مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ پنجاب اسمبلی کے ایوان میں پیش کی جائے ۔