پاکستان کی جیت پر جشن ،ْ کراچی میں ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت سات افراد زخمی

جشن منانے کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس کاررائی کریگی ،ْپولیس افسر

پیر 19 جون 2017 13:46

پاکستان کی جیت پر جشن ،ْ کراچی میں ہوائی فائرنگ سے خاتون سمیت سات افراد ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جون2017ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کی بھارت کو اوول کے میدان میں شکست کے بعد کراچی میں ہوائی فائرنگ سے نجی ٹی وی کے ڈی ایس این جی انجینئر، ایک خاتون اور بچے سمیت سات افراد زخمی ہوگئے۔پولیس سرجن ڈاکٹر اعجاز کھوکھر کے مطابق ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ سرکاری ہسپتالوں میں سات زخمیوں کو لایا گیا جو کراچی کے مختلف علاقوں میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے ۔

انہوںنے کہاکہ زخمیوں میں ایک خاتون اور ایک بچہ بھی شامل ہے تاہم ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔دوسری جانب پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کے گھر کے باہر موجود نجی ٹی 24 نیوز کے ڈی ایس این جی انجینئر شارق اشتیاق نامعلوم افراد کا ہوائی فائر لگنے سے زخمی ہوگئے جس سے صحافیوں میں افراتفری مچ گئی۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی سینٹرل مقدس حیدر نے فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ زخمی شارق اشتیاق کو ابتدائی طور پر عباسی شہید ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سے انھیں جناح ہسپتال بھجوادیا گیا۔

جناح ہسپتال کی ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹرسیمی جمالی نے بتایا کہ شارق کے سرپر گولی لگی ہے تاہم اب ان کی حالت خطریسے باہر ہے۔ڈاکٹرسیمی جمالی کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں پانچ سالہ بچہ حسین رضا بھی شامل ہے، جو ماڈل کالونی میں زخمی ہوئے تھے اور ان کے پیٹ پر گولیاں لگی ہیں اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔جناح ہسپتال لائے گئے دو دیگر زخمیوں کی شناخت لائنز ایریا کا رہائشی 22 سالہ فراز اور اورنگی ٹاؤن سے تعلق رکھنے والے 30 سالہ سردار سلطان کے نام سے ہوئی جو گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے ایک سنیئرافسر کا کہنا ہے کہ جشن منانے کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس کاررائی کریگی۔ان کا کہنا تھا کہ شہر کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے واقعات میں ملوث افراد کا پتہ لگانے کے لیے گولیوں کے خول جمع کیے گئے ہیں اور معلومات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔