Live Updates

عمران خان عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے مفرور ہیں ، دانیال عزیز

عوام اگلے الیکشن میں جمہوریت کے وارداتیوں کا خاتمہ کرے، صحافیوں سے گفتگو

پیر 19 جون 2017 13:26

عمران خان عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے مفرور ہیں ، دانیال عزیز
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2017ء) مسلم لیگ(ن) کے رکن قومی ا سمبلی دانیال عزیز نے کہا ہے کہ عمران خان عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے مفرور ہیں ۔ عوام اگلے الیکشن میں جمہوریت کے وارداتیوں کا خاتمہ کرے ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے راہنما دانیال عزیز نے الیکشن کمیشن سے باہر صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے وکیل کی جانب سے آج بھی کوئی جواب جمع نہیں کرایا گیا ۔

عمران خان عدالتوں اور الیکشن کمیشن سے مفرور ہیں ۔ ملک کے تمام اداروں پر الزامات لگانے میں عمران خان نمبر ون ہیں لیکن خود کو احتساب کے لئے پیش کرنے میں ان کا جواب نہیں ۔عمران خان ملک میں بدبختی کی علامت ہیں کیونکہ جس وزیر اعظم نواز شریف پر اس نے منی ٹریل کا الزام لگایا وہ تو اپنے آپ کو احتساب کے لئے تمام اداروں کے سامنے خود کو پیش کر رہا ہے لیکن دوسری جانب عمران خان نے نجم سیٹھی کے کیس میں 35 پنکچر کے حوالے سے 46 نوٹسز ملنے کے باوجود کوئی جواب نہیں دیا ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن پر بھی بکے ہونے کا الزام لگایا ہے سپریم کورٹ پر بھی حملہ کیا ہے اور اب حنیف عباسی کے کیس میں سپریم کورٹ کو درخواست دی ہے کہ میرے پاس منی ٹریل نہیں ہے ۔ میڈیا کو بھی عمران خان کے ایسے اقدامات کا نوٹس لیتے ہوئے کوریج دینی چاہئے ۔ خیبرپختونخوا میں عمران خان نے دو سال سے احتساب کمیشن کو تالے لگا رکھے ہیں لیکن ملک بھر میں خود کو نیلسن منڈیلا بنا کر پیش کرتا ہے ۔ ابھی 2018 میں الیکشن آنے والے ہیں تو عوام کو چاہئے کہ وہ ایسے جمہوریت کے وارداتیوں کا خاتمہ کریں ۔ ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات