نئے ٹور آپریٹرز کا ارجنٹینا پارک میں حج کوٹے کی الاٹمنٹ میں تاخیرپر امن احتجاج

پیر 19 جون 2017 13:22

نئے ٹور آپریٹرز کا ارجنٹینا پارک میں حج کوٹے کی الاٹمنٹ میں تاخیرپر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) وزارت مذہبی امور میں 2200 سے زائد رجسٹرڈ نئے ٹور آپریٹرز نے پیر کو وزارت مذہبی امور کے سامنے ارجنٹینا پارک میں حج کوٹے کی الاٹمنٹ میں تاخیر کی وجہ سے پر امن احتجاج کیا ، ان کا مؤقف تھا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق 2200 نئے رجسٹرڈ حج ٹور آپریٹرز کو جلد از جلد کوٹہ الاٹ کیا جائے ۔

(جاری ہے)

وزارت مذہبی امور کے ذرائع کا مؤقف ہے کہ سپریم کورٹ میں کوٹے کی الاٹمنٹ کے لئے سیکرٹری وزارت مذہبی امور کی سربراہی میں خصوصی کمیٹی تشکیل دی ہے جس نے ایس ای سی پی اور سی سی پی کے نمائندوں سمیت اٹارنی جنرل آف پاکستان اور دیگر لوگ شامل ہیں ۔ اس کمیٹی کاپہلے بھی اجلاس ہو چکاہے ۔ کمیٹی اس معاملے کاجائزہ لے رہی ہے کہ کوٹے کی الاٹمنٹ کے حوالے سے کیا طریقہ کار اختیار کیا جائے۔

ذرائع نے توقع ظاہر کی ہے کہ جلد ہی کوٹے کی الاٹمنٹ کافیصلہ ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے حج آپریشن میں پہلے سے شامل 745ٹور آپریٹرز کے علاوہ 2200نئے رجسٹرڈ ٹور آپریٹرز کو بھی کوٹے کی الاٹمنٹ کاحکم دیا ہے اور اس کے لئے سپریم کورٹ نے سیکرٹری وزارت مذہبی امور اور دیگر اداروں پر مشتمل کمیٹی بھی قائم کی ہے۔

متعلقہ عنوان :