چمپینز ٹرافی میں بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح پر کشمیریوں کا جشن

سید علی گیلانی ، میر واعظ اور دیگر حریت قیاد ت کی طرف سے پاکستانی قوم کو مبارک باد

پیر 19 جون 2017 12:12

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء) مقبوضہ کشمیرمیں کشمیری عوام نے آئی سی سی چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں بھارت کے خلاف پاکستان کی تاریخی فتح پر جشن منایا ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وادی کشمیر میںعوام نے سڑکوں پر نکل کر پٹاخے بجائے اور خوشیاں منائیں۔کشمیر میں جشن کا سا ماحول پیدا ہو گیا ۔ نوجوانوںنے جدوجہد آزادی اور پاکستان کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے ۔

انہوںنے ’’جیوے جیوے ‘‘پاکستان جیسے نعروں کے علاوہ متعدد مقامات پر پاکستانی پرچم بھی لہرائے ۔اس موقع پر کشمیری خواتین نے پاکستان اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حق میں کشمیرکا روایتی گیت وًن وُن بھی گائے۔ جنوبی ایشیاء کے روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے فائنل میچ میں پہنچنے کے ساتھ ہی دونوں ملکوں کے علاوہ کشمیر میں بھی اس میچ کا بے صبری سے انتظار کیا جا رہا تھا۔

(جاری ہے)

کشمیری حریت قیادت نے بھارت کے خلاف شاندار فتح پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کی ہے ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے جوگھر میں نظربند ہیںایک بیان میں چیمپینز ٹرافی کے فائنل میںبھارت کو شکست دینے پر پاکستان کو مبارک باد پیش کی ۔ حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہاکہ کشمیری عوام نے بھارت کے خلاف پاکستان کی فتح پر جشن منایا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ پاکستان کی جیت عید سے قبل عید کی طرح محسوس ہوتی ہے ۔ انہوںنے اس کامیابی پر پاکستانی عوام کو مبارک باد پیش کی ۔ پاکستانی ٹیم کی فتح کی خبر سن کر بڑی تعداد میں لوگ میر واعظ کے گھر کے باہر جمع ہو گئے ۔میر واعظ بھی گھر سے باہر آگئے اور انہوںنے لوگوں کے ساتھ مل کر پاکستان کی جیت پر خوشیاں منائیں۔ مختار احمد وازہ ، بلال صدیقی ، پروفیسر نذیر احمد شال ، فریدہ بہن جی ، جاویداحمد میر ، زمرودہ حبیب، یاسمین راجہ ، دختران ملت ، مسلم لیگ اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے بھی روایتی حریف بھارت کو چیمپینز ٹرافی کے فائنل میں شکست دینے پر پاکستانی قوم کو مبارک باد پیش کی ہے ۔

ادھرسرینگر کے علاقے صفا کدل میں کشمیری نوجوانوں نے بھارتی فوجیوںکے بنکر کے قریب پٹاخے چلائے جس کے بعد علاقے میں جھڑپیں شروع ہو گئیں۔