وزیر اعظم محمدنواز شریف نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا، میاں امتیاز احمد

پیر 19 جون 2017 00:30

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2017ء)وفاقی پارلیمانی سیکرٹری پورٹس اینڈ شپنگ وایم این اے میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں محمدنواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف نے خاندان سمیت اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرکے تاریخ رقم کردی ہے‘جمہوریت کے دشمنوں کی تمام سازشیں ناکام بناتے ہوئے وزیراعظم میاں محمدنواز شریف اپنے خاندان سمیت جے آئی ٹی سے باعزت سرخرو ہوکر ملک وقوم کی خدمت کرتے رہیں گے۔

میاں ٹاؤن رحیم یارخان میں اپنے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹی میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میاں محمدنواز شریف نے ہمیشہ ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا‘قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے پر نواز شریف کو آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ہی واحد لیڈر ہیں جن پر بیرونی ممالک اعتماد کرتے ہوئے پاکستان میں بھاری سرمایہ کاری کررہے ہیں‘ سی پیک منصوبہ مکمل ہونے سے ملک ایشین ٹائیگر بن کر سامنے آئے گا۔

میاں امتیازاحمد نے کہا کہ 2013ء کے عام انتخابات میں عوام سے جو وعدے کئے وہ پورے کررہے ہیں‘حلقہ بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہماری کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رحیم یارخان میں خو اجہ فرید انجینئرنگ اینڈ آئی ٹی یونیورسٹی‘ گرلز ڈگری کالجز‘ نئی گیس پائپ لائن‘ چوک پٹھانستان تا بائی پاس چوک اور اڈا خانپور تا چک 72 نئی کارپٹ سڑکوں کی تعمیر سمیت درجنوں بڑے منصوبے مکمل ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 75 کروڑ روپے کی لاگت سے عباسیہ انڈر پاس پر فلائی اوور کی تعمیر کا کام آئندہ چند روز میں شروع ہوجائے گا جس کی تعمیر مکمل ہونے سے عوام کو ٹریفک جام جیسے مسائل سے چھٹکارہ حاصل ہوگا اور بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔