مریم اورنگزیب کی روایتی حریف بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں تاریخ ساز کامیابی پر پوری قوم اور قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد

آج کی فتح تاریخی فتح ہے‘ قومی ٹیم کی آج کی فتح ایک پیغام بھی ہے‘ پوری قوم متحد اور کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے‘ آج دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کیلئے فخر کا لمحہ ہے‘ آج قومیت کا جو جذبہ نظر آرہا ہے وہ ہمیشہ رہنا چاہئے‘ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنا غیر معمولی کارنامہ ہے‘ ہم ہر شعبے میں کامیاب ترین پاکستان کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں‘ وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستان کو باوقار مقام دلانے کا وژن رکھتے ہیں‘سرفراز احمد نے ٹورنامنٹ میں بہترین کپتانی کی‘پی ایس ایل سے نئے کھلاڑی سامنے آرہے ہیں‘ شاندار چیمپئنز ٹرافی جیت کر کرکٹ ٹیم نے قوم کو پیشگی عید کا تحفہ دیا ہے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب

اتوار 18 جون 2017 23:40

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2017ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے روایتی حریف بھارت کے خلاف آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میچ میں تاریخ ساز کامیابی پر پوری قوم اور قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ وزیر اطلاعات نے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا کہ آج کی فتح تاریخی فتح ہے‘ قومی ٹیم کی آج کی فتح ایک پیغام بھی ہے‘ پوری قوم متحد اور کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے‘ بھارت کے خلاف میچ میں ہارنے کا تصور بھی نہیں کرتے‘ آج دنیا بھر میں موجود پاکستانیوں کیلئے فخر کا لمحہ ہے‘ آج قومیت کا جو جذبہ نظر آرہا ہے وہ ہمیشہ رہنا چاہئے‘ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنا غیر معمولی کارنامہ ہے‘ ہم ہر شعبے میں کامیاب ترین پاکستان کی جانب قدم بڑھا رہے ہیں‘ وزیراعظم محمد نوازشریف پاکستان کو باوقار مقام دلانے کا وژن رکھتے ہیں‘سرفراز احمد نے ٹورنامنٹ میں بہترین کپتانی کی‘پی ایس ایل سے نئے کھلاڑی سامنے آرہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسی جامع فتح کھلاڑیوں‘ باؤلرز اور فیلڈرز کی شاندار ٹیم ورک اور بھرپور صلاحیتوںکا نتیجہ ہے‘ یہ کامیابی اس حقیقت کا عکاس ہے کہ گرین شرٹس دنیا کی بہترین ٹیموں کو شکست دے سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاندار چیمپئنز ٹرافی جیت کر کرکٹ ٹیم نے قوم کو پیشگی عید کا تحفہ دیا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ٹیم نے نئے مقرر ہونے والے کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں ٹورنامنٹ میں جس جارحانہ انداز میں کھیل کا آغاز کیا اور انتہائی محنت کے ساتھ بھارت کو بڑے مارجن سے شکست سے دوچار کیا وہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا ٹیم کے ساتھ ساتھ انتظامیہ کو بھی جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ان کی کامیابی کیلئے دعاگو رہی۔ وزیر مملکت اطلاعات نے کہا کہ کھیلوں اور ثقافت کی سرگرمیاں کسی بھی قوم کیلئے استحکام کا ذریعہ ہوتی ہیں جس کے ذریعے صحت مندانہ اور مثبت سوچ کو فروغ ملتا ہے جو معاشرے میں امن اور بھائی چارے کیلئے ناگزیر ہوتے ہیں اگرچہ کھیلوں بالخصوص کرکٹ کے فروغ کیلئے بھاری سرمایہ کاری ضروری تھی جوہر پاکستانی قوم کا جوش و جذبہ ہے‘ ٹیم کی کامیابی خاص طور پر نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کا سبب ہے جس سے تازہ ٹیلنٹ کی تلاش کیلئے مسلسل کوششوں کی اہمیت اجاگر ہوئی ہے۔

دریں اثناء انہوں نے اپنے ٹوئٹ پیغام میں کہا کہ گرین شرٹس دنیا بھر کے لاکھوں لوگوں کی امیدوں پر پورا اتریں ہیں اور یہ پیغام گیا ہے کہ قومی ٹیم کا کوئی ثانی نہیں‘ پوری قوم‘ سرفراز احمد اور ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد ہو۔ بعد ازاں پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ تاریخ اس بات کی گواہ ہے کہ جس طرح پاکستانی ٹیم آئی سی سی چیئمپینز ٹرافی کے فائنل میں کھیلی ہے اس طرح ہم نے اور بھی بہت بڑے بڑے میچز جیتے ہیں۔

وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ ٹیم کی جیت سے ایک بہت بڑا پیغام یہ بھی جاتا ہے کہ اگر کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں پر سرمایہ کاری کی جائے تو قوم کو اسی طرح یکجا کیا جا سکتا ہے جس طرح پاک بھارت کرکٹ میچ کے فائنل میں پوری قوم یکجا نظر آ رہی تھی اور اسی لیے لوگ ثقافت، سافٹ ایکٹویٹیز اور کھیلوں میں سرمایہ کاری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ بھی ہماری ثقافت کا ایک حصہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ فائنل میچ میں نہ کوئی سندھی، نہ کوئی پٹھان، نہ کوئی پنجابی اور نہ ہی کوئی بلوچی نظر آ رہا تھا بلکہ سب یک جان ہو کر پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کر رہے تھے اور قومی جذبے کا اظہار کر رہے تھے۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم اگر اسی طرح کھیلتی رہی تو مزید اہم کامیابیاں بھی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نوجوانوں کو مزید مواقع دینے چاہیئں اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا بھی ایک پورا پلان ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع بھی دئیے جائیں اور ان کو مزید بہتر بھی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ میچ تو صرف ایک گرائونڈ میں ہو رہا ہوتا ہے لیکن باہر دیکھیں تو پوری قوم ان کھلاڑیوں کے لیے دعا گو ہوتی ہے۔

میں ملک سے باہر مقیم پاکستانیوں کو بھی اس تاریخی جیت پر مبارکباد پیش کرتی ہوں کیونکہ وہ لوگ وطن سے دور رہ کر بھی ہر لمحہ اپنے وطن کو سپورٹ کر رہے ہوتے ہیں جس پر وہ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بھارت کے خلاف تاریخی جیت پوری دنیا میں رہنے والے پاکستانیوں کے لیے بڑے فخر کا لمحہ ہے کیونکہ بھارت کے خلاف ہارنے کا تو ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم متحد ہے اور قومی کرکٹ ٹیم کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومیت کا جو جذبہ کل نظر آیا وہ اسی طرح قائم و دائم رہنا چاہیئے کیونکہ یہ جذبہ رہے گا تو پاکستان کا مثبت امیج ابھر کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا آئی سی سی چیئمینز ٹرافی جیت کر چیئمپین بن جانا بہت بڑی بات اور غیر معمولی کارنامہ ہے اور انشااللہ وہ دن دور نہیں جب پاکستانی کرکٹ ٹیم ایک مرتبہ پھر دنیا کی سب سے بہترین کرکٹ ٹیم ہو گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی پوری ٹیم یہی چاہتی ہے کہ پاکستان ہر شعبے میں بہتر سے بہتر کارکردگی دکھائے اور دنیا بھر میں پاکستان کا ایک مثبت تشخص ابھر کر سامنے آئے جس کے لیے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف ملک کو باوقار مقام دلانے کا وژن رکھتے ہیں۔