پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کراچی کی بربادی کی مشترکہ ذمہ دار ہیں،حافظ نعیم الرحمن

ضمی الیکشن میں عوام جماعت اسلامی کو کامیاب کروار کر تبدیلی کی بنیاد رکھیں گے، امیر جماعت اسلامی کا افطار پارٹی سے خطاب

اتوار 18 جون 2017 22:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سال 2018کراچی میں تبدیلی کا سال ہوگااور اس تبدیلی کی بنیاد عوام پی ایس 114کے ضمنی الیکشن میں 9جولائی کو رکھیں گے ،2018کے انتخابات میںشہرکراچی کے عوام بھتہ خوروں ، چور لٹیروں اور کرپٹ سیاسی جماعتوں کو مسترد کر دیں گے اور شہر میں ایک نئی سیاسی اننگ شروع ہوگی، توقع ہے کہ عوام کی رائے کو دبانے کی کوشش کی نہیں کی جائے گی روایتی انتخابی کھیل کی بجائے سب کے لئے میدان کھلا رکھا جائے گا سازگارسیاسی فضا میں انتخابی اشتراک عمل کا امکان ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ایس 114اختر کالونی سیکٹر سی میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ایس 114میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ظہور احمد جدون اور زون اختر کالونی کے امیر غیاث عباسی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمسیحی برادری نے ضمنی انتخاب میں جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ، اختر کالونی میں مسیحی برادری اعجاز فوجی ، چوہدری شیرا امانول حاکم ،نہارا برادری ، جیمز ایڈوکیٹ ، البرٹ جان ، عباس ، پطرس جیمز، ہارون اور یاسر خان نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ جماعت اسلامی کے نامزد امیدوارظہور احمد جدون کی حمایت کا اعلان کیا۔

حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہو یا ایم کیو ایم شہر کراچی کی بربادی کی ذمہ دار یہ دونوں جماعتیں ہیں ، جنہوں نے شہر پر حکمرانی تو کی لیکن شہر کی تعمیر ترقی کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا ان کا مقصد صرف مال بنانا تھا ، حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی اورنظریاتی حب ہے ،جماعت اسلامی کو جب بھی مو قع ملا مثالی اور اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس ضمنی الیکشن میں عوام کرپٹ سیاسی جماعتوں کا بائیکاٹ کرکے ثابت کردیں کہ ہم کرپشن فری پاکستان چاہتے ہیں ،ملک کے اندر تمام خرابیوں کی جڑ اور عوام کے مسائل کی بنیادی وجہ کرپشن اور حکمرانوں کی جانب سے کرپٹ عناصر کا تحفظ اور سرپرستی ہے۔جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار ظہور احمد جدون نے کہا کہ 9جولائی ترازو کی کامیابی کا دن ہوگا، ہم نے اس حلقے کے عوام کی خدمت کی ہے ان کے بنیادی مسائل جماعت اسلامی نے ماضی میں بھی حل کیے اور اب 9جولائی کو عوام جماعت اسلامی کو ووٹ دے کر ثابت کر دیں گے کہ ان کی امیدیں جماعت اسلامی سے وابستہ ہیں۔