آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست پر پاکستانی قوم کا بھرپور جشن ،آتش بازی کا شاندار مظاہرہ

منچلے ،شائقین کرکٹ ،عوام سڑکوں پر نکل آئے، ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے ، مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ،آزاد کشمیر ،مقبوضہ کشمیر میں بھی جشن بھارت میں شائقین کرکٹ کو سانپ سونگھ گیا ،مختلف مقامات پر اپنی ٹیم کیخلاف احتجاجی مظاہرے ،بھارتی ٹی وی چینلز اپنے سورمائوں پر برس پڑے لندن سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں نے بھی قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں جشن منایا،قوم کو مبارکباد کے پیغامات

اتوار 18 جون 2017 21:50

اسلام آباد/لاہور/کراچی/کوئٹہ/پشاور/آزاد کشمیر /سری نگر /نئی دہلی /لندن ( این این آئی) آئی سی سی چمپئنز ٹرافی میں روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دے کر فائنل کا ٹائٹل جیتنے کی خوشی میں پورے ملک میں بھرپور جشن منایا گیا ، بھارت میں شائقین کرکٹ کو سانپ سونگھ گیا اور مختلف مقامات پر اپنی ٹیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کئے گئے جبکہ بھارتی ٹی وی چینلز اپنے سورمائوں پر برس پڑے ، لندن سمیت دنیا کے دیگر ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں نے بھی قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں جشن مناتے ہوئے قوم کو مبارکباد دی ۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں اوول کے مقام پر آئی سی سی چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں گرین شرٹس کی طرف سے روایتی حریف بھارت کو عبرتناک شکست دینے کی خوشی میں پاکستانی قوم نے بھرپور جشن منایا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ملک کے مختلف مقامات پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔ 339کے ہدف میں بھارتی بیٹنگ لائن کے لڑ کھڑانے کے بعد منچلوںنے پیشگی جشن مناتے ہوئے آتش بازی کا مظاہرہ شروع کر دیا تھا جبکہ میچ جیتے ہی شائقین کرکٹ اور عوام نہ قومی ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے جبکہ مٹھائیاں بھی تقسیم کی جاتی رہیں۔

اس موقع پر کئی مقامات پر ہوائی فائرنگ کی بھی اطلاعات موصول ہوئیں۔۔لاہور کے علاوہ اسلام آباد ،کراچی، پشاور، کوئٹہ ،آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں قومی ٹیم کی بھارت کے خلاف شاندار کامیابی کی خوشی میں بھرپور جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آزاد کشمیر ، گلگت بلتستان میں بھی قومی ٹیم کی کامیابی کی خوشی میں جشن منایا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں ۔

مقبوضہ کشمیر کے رہائشیوں نے بھی پاکستانی ٹیم کی کامیابی کی خوشی میں جشن منایا اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے ۔ دوسری طرف بھارتی شائقین کرکٹ پاکستان سے عبرتناک شکست کو برداشت نہ کرسکے اور انہیں سانپ سونگھ گیا ۔ کئی مقامات پر نوجوانوں کی طرف سے اپنی ٹیم کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کئے گئے اور کپتان ویرات کوہلی کا پتلا بھی نذر آتش کیا گیا ۔ بھارتی ٹی وی چینلز بھی اپنے کھلاڑیوں پر برس پڑے ۔ لندن سمیت دیگر ممالک میں بسنے والے پاکستانیوں نے بھی قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں بھرپو رجشن منایا اور پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد دی ۔