قومی دولت کولوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں،اقرباپروری اور کرپشن نے اداروں کابیڑہ غرق کر دیا ہے،چور ،لٹیرے،رشوت خور اور کرپٹ افراد ناقص تحقیقات سے فائدہ اٹھاکرآزاددندناتے پھرتے ہیں

رہنماء جماعت اسلامی ڈاکٹر سید وسیم اختر کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 18 جون 2017 21:30

بہاولپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) پنجاب اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہا کہ قومی دولت کولوٹنے والے کسی بھی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔اقرباپروری اور کرپشن نے اداروں کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔چور ،لٹیرے،رشوت خور اور کرپٹ افراد قانونی سقم اور ناقص تحقیقات سے فائدہ اٹھاکرآزاددندناتے پھرتے ہیں مگرکوئی پوچھنے والا نہیںہے وہ بروز اتوار بغداد ریلوے اسٹیشن کے قریب مسجد الصغیر یوسف کا سنگ بنیاد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔

اس موقع پر امیر ضلع سید ذیشان اختر،پروفیسر سید آصف رضوی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر سید وسیم اختر نے کہاکہ ملک میں آئے روزکرپشن کے بڑے سے بڑا اسکینڈل سامنے آرہا ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کو اپنے جائز کام کروانے کے لیے بھی غیر قانونی اور غیراخلاقی طریقے اختیار کرنے پڑتے ہیں۔رشوت خوری اور کرپشن کابازار گرم ہے۔ملک میں اس وقت روزانہ12ارب روپے اور سالانہ4320 ارب روپے کی کرپشن ملکی معیشت کیلئے زہر قاتل ہے۔

جب تک کرپٹ حکمران ہم پر مسلط ہیں ملک وقوم ترقی کی منازل طے نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف عوام الناس کوبے روزگاری،لاقانونیت،انتشار،دہشتگردی،کرپشن،مہنگائی اور لوڈشیڈنگ جیسے مسائل کاسامنا ہے تودوسری طرف پانامازدہ حکمرانوں کے ہوتے ہوئے احتساب کاخواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔انہوں نے مزیدکہاکہ اقتدار پرکرپٹ حکمران مسلط ہیں۔مٹھی بھراشرافیہ ملک کے سیاہ وسفید کی مالک بنی بیٹھی ہے۔20کروڑ عوام کاکوئی پرسان حال نہیں۔عوامی ووٹ لے کر اقتدار میں آنیوالے نام نہادنمائندے عملاً عوام سے اپنا تعلق ختم کرچکے ہیں۔