تہران کا سعودی کوسٹ گارڈز پرایرانی ماہی گیر کو ہلاک کرنے کا الزام

ماہی گیروں کی دوکشتیاں خلیج فارس میں موجود تھیں جن پر سعودی کوسٹ گارڈز نے فائرنگ کی،ایرانی وزارت داخلہ

اتوار 18 جون 2017 20:10

تہران(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) ایران نے سعودی عرب پر الزام عائد کیا ہے کہ اس کے کوسٹ گارڈز نے مبینہ طور پر سعودی سمندری حدود میں داخل ہونے والے ایرانی ماہی گیروں پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ماہی گیر ہلاک ہوگیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایرانی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ماہی گیروں کی دو کشتیاں خلیج فارس میں شکار کے لیے موجود تھیں اور تیز لہروں کی وجہ سے وہ بھٹک کر سعودی سمندری حدود میں داخل ہوگئیں۔

(جاری ہے)

ایرانی وزارت داخلہ میں سربراہ برائے سرحدی امور ماجد آغا بابائی کے مطابق سعودی کوسٹ گارڈز کا کہنا ہے کہ کشتیاں سعودی حدود میں موجود تھیں جس کی وجہ سے انہوں نے فائرنگ کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات ابھی واضح نہیں کہ آیا کشتیاں سعودی حدود میں تھیں یا نہیں جب کہ اس سلسلے میں مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔ماجد آغا بابائی نے مزید کہا کہ اگر کشتیاں سعودی پانیوں میں داخل ہوبھی گئیں تھیں تو بھی سعودی کوسٹ گارڈز کو ان پر فائرنگ کرنے کا اختیار حاصل نہیں تھا۔ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان بہرام قاسمی نے بھی واقعے کی مذمت کی ہے۔