وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے پولیس فورس کو مستحکم بنانے اور اصلاحات کے عمل میں حکومت کی مدد کرنے (یواین ڈی پی)کے کردار کو سراہا

سی پیک اور بڑھتی معاشی سرگرمیوں کے تناظر میں پائیدار امن کی بحالی میں مزید تعاون کیا جائیگا ، جس میںپولیس فورس کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت ،جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور تحصیل سطح پر ماڈل تھانوں کا قیام شامل ہے صوبائی وزیراعلیٰ کی ڈائریکٹر یو این ڈی پی ایشیاء ہولیانگ ژوکی سربراہی میں آنیوالے وفدسے ملاقات میں گفتگو

اتوار 18 جون 2017 18:31

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے صوبے میں پولیس فورس کو مستحکم بنانے اور اصلاحات کے عمل میں صوبائی حکومت کی مدد کرنے پر اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کے کردار کو سراہا ہے اور اُمید ظاہر کی ہے کہ صوبے میں سی پیک اور نان سی پیک بڑھتی معاشی سرگرمیوں کے تناظر میں پائیدار امن کی بحالی اور سیکورٹی کی صورتحال کو زیادہ بہتر اور فول پروف بنانے کے سلسلے میں مزید تعاون کیا جائے گا جس میں پولیس فورس کی بین الاقوامی معیار کے مطابق تربیت ، انہیں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور اضلاع کے بعد تحصیل کی سطح پر بھی ماڈل تھانوں کا قیام شامل ہے۔

انہوںنے یواین ڈی پی کی طرف سے زراعت ، توانائی ، معدنیات، تعلیم و صحت، مالیات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آبپاشی و آبنوشی سمیت سماجی اور پیداواری شعبوں کی ترقی کیلئے صوبائی حکومت کی معاونت کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہوئے واضح کیا کہ صوبے میں ان تمام شعبوں کی بحالی اور ترقی کیلئے حکومت اور عوامی سطح پر تبدیلی کا زبردست جذبہ موجود ہے جبکہ اس سلسلے میں اقوام متحدہ سمیت عالمی اداروں کی فنی و مالی معاونت زیادہ بہتر ثمرات کا باعث بنے گی اور بین الاقوامی خیر سگالی کے جذبات میں بھی اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

وہ بروز اتوار وزیراعلیٰ ہائوس پشاور میں اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل اور ایشیاء کیلئے یو این ڈی پی کے ڈائریکٹرہولیانگ ژوکی سربراہی میں مختلف شعبوں کے فنی ماہرین پر مشتمل یو این مشن سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔ مشن کے سربراہ نے پولیس فورس کی استعداد میں اضافے کیلئے تربیتی سہولیات، جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور ماڈل تھانوں کو تحصیل کی سطح پر وسعت دینے کے علاوہ زراعت و مالیات سمیت مختلف سماجی اور پیداواری شعبوں کی بہتری کیلئے تعاون کی درخواست پر فوری اور مثبت کاروائی کا یقین دلاتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ یو این ڈی پی کی جانب سے قانون کی بالادستی کے پروگرام کے تحت خیبرپختونخوا میں پولیس اصلاحات پر 80 کروڑ روپے خرچ کئے گئے ہیں جبکہ صوبائی حکومت کی مزید ضروریات اور تازہ درخواست پر تعاون کو مزید وسعت بھی دی جارہی ہے انہوںنے بتایا کہ اضلاع کی سطح پر ماڈل تھانوں کا قیام صوبائی حکومت کا بہترین پروگرام ہے اور ان میں مصالحتی کونسلوں کی بدولت جرائم میں کمی کے علاوہ شہری تنازعات کے حل میں زبردست مدد ملی ہے اور اب تحصیل کی سطح پر ماڈل تھانوںکے قیام سے شہری امن و یگانگت کو مزید فروغ ملے گاجس میں یواین ڈی پی ہراول دستے کا کردار اداکرنے کو تیار ہے۔

انہوںنے صوبے میں معاشی ترقیاتی پروگرام، شفاف خدمات، سپلائی چین مینجمنٹ اور یوتھ اینڈ سوشل کوہی ژن پروگرام کے تحت اضافی معاونت اور فنڈز کی فراہمی کا یقین بھی دلایا ۔پرویز خٹک نے مشن سربراہ کی جانب سے فراخدلانہ اقدامات پر اطمینا ن کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بدولت صوبے اور یہاں کے عوام کی ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی اور بدامنی و دہشت گردی سے متاثرہ یہ خطہ خوشحالی کے نئے دور میں داخل ہو گا۔

انہوںنے کہاکہ زراعت کے شعبے میں صوبائی حکومت کو کھیت سے مارکیٹ تک زرعی اجناس پہنچانے ، کھاد کے بہتر استعمال، کولڈ سٹوریج ، مڈل مین اور مارکیٹنگ سمیت کئی اُمور میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہم ان تمام معاملات میں زیادہ سے زیادہ شفافیت اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال چاہتے ہیں تاکہ زرعی پیداوار میں اضافے کے علاوہ کاشتکاروں اور زراعت سے وابستہ افراد کو اُن کی محنت کا بہتر صلہ ملے اور عوام کو بھی معیاری اجناس کم سے کم قیمت پر ملیں ۔

ان اقدامات کی بدولت زرعی اجناس کی سپلائی اور ڈیمانڈ میں توازن کے علاوہ مہنگائی پر کنٹرول میں بھی مدد ملے گی ۔اسی طرح صوبے میں توانائی ، معدنیات، تعلیم و صحت، مالیات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور آبپاشی و آبنوشی سمیت دیگر شعبوں میں بھی مزید جدت اور بہتری کی گنجائش موجود ہے جس میں عالمی اداروں کے تعاون کا خوشدلی کے ساتھ خیرمقد م کیا جائے گا۔