ممبئی حملوں کے الزام میں 6 افراد پر فرد جرم عائدکر دی گئی

تمام افراد کو 2003 سے 2010 کے درمیان گرفتار کیا گیا تھا ،ْیہ تمام مسلمان تھے

اتوار 18 جون 2017 18:01

ممبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) بھارتی شہر ممبئی میں 1993 میں ہونے والے سلسلہ وار بم دھماکوں کے الزام میں بھارتی عدالت نے 6 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔بھارتی ریاست مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی میں 24 برس قبل ہونے والے بم دھماکوں میں 257 افراد ہلاک اور 800 سے زائد زخمی ہوگئے تھے جسے اب تک بھارت میں سب سے بڑا دہشت گردی کا حملہ قرار دیا جارہا تھا۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے مطابق 6 ملزمان ممبئی دھماکوں میں ہتھیار لے جانے، بم نصب کرنے کے مرتکب پائے گئے ہیں جن سے ممبئی کی مشہور عمارتوں بشمول اسٹاک ایکسچینج کو نشانہ بنایا گیا تھا۔برطانوی میڈیا کے مطابق اس واقعہ کے الزام میں گرفتار ساتویں شخص کو عدالت نے عدم ثبوتوں کی بنا پر رہا کردیا۔

(جاری ہے)

تفتیش کاروں کے مطابق ممبئی میں بم دھماکے بھارت کے انتہائی مطلوب دہشتگرد داؤد ابراہیم کے کہنے پر 1992 میں بابری مسجد کو شہید کرنے کا بدلہ لینے کے لیے کیے گئے تھے۔

تمام افراد کو 2003 سے 2010 کے درمیان گرفتار کیا گیا تھا اور یہ تمام مسلمان تھے۔سینٹرل بیورو آف انوسٹی گیشن (سی بی آئی) کے خصوصی وکیل دیپک سالوی نے کہا کہ اس کیس میں دلائل کا سلسلہ پیر (19 جون) کو شروع ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ عدالت سے مجرموں کو سخت سے سخت سزا دلانے کی کوشش کریں گے جو کہ سزائے موت ہوسکتی ہے۔دیپک سالوی نے کہا کہ یہ سی بی آئی، ممبئی پولیس اور بھارتی عوام کی جیت ہے جو انصاف پر یقین رکھتے ہیں۔

جن لوگوں پر فرد جرم عائد کی گئی ہے ان میں ابو سالم، مصطفی دوسہ، فیروز عبدالراشد خان، طاہر مرچنٹ، ریاض صدیقی اور کریم اللہ خان شامل ہیں تاہم ان افراد کے وکلا سے رابطہ نہیں ہو سکا۔بھارت میں ممبئی حملوں کے الزام میں 100 سے زائد افراد پر مقدمہ دائر کر کے قانونی چارہ جوئی کی گئی تھی جن میں سے اکثر افراد کو قانونی نظام سے گزارا جائے گا۔ممبئی حملوں کے الزام میں ایک ملزم یعقوب میمن کو 2015 میں تختہ دار پر لٹکایا جا چکا ہے۔ممبئی حملوں میں ملوث اکثر ملزمان کو اب تک گرفتار نہیں کیا جا سکا جبکہ بھارت کا خیال ہے کہ ممبئی حملوں میں داؤد ابراہیم ملوث ہے جو اس وقت مبینہ طور پر پاکستان میں موجود ہیں تاہم پاکستانی حکام بھارت کے ان الزامات کو سختی سے مسترد کرتے آئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :