ْڈان لیکس کا دھبہ دھونے کیلئے رائو تحسین آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں رٹ دائر کریں گے

سابق وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کا بھی عید سے قبل عدالت سے رجوع کرنیکا فیصلہ

اتوار 18 جون 2017 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 جون2017ء) ڈان لیکس کی زد میں آنے والے سابق پرنسپل آفیسر راؤ تحسین علی خان کی طرف سے آج(پیر کو) اسلام آباد ہائیکورٹ میں رٹ دائر کردی جائے گی۔راؤتحسین علی خان کا مقدمہ سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد لڑیں گے۔سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید نے بھی عید الفطر سے پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی تیاریاں شروع کردیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق پی آئی او راؤ تحسین علی خان کی طرف سے آج پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی جائے گی۔اپنی درخواست میں راؤ تحسین علی خان کی طرف سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈان لیکس کا ملبہ بلا جواز مجھ پر ڈال دیا اور مجھے کمشن کی حتمی رپورٹ دکھائے بغیر عہدے سے ہٹا کر اسٹبلشمنٹ ڈویژن میں انضباطی کارروائی کا سامنا کرنے کا حکم سنا دیاگیا۔

(جاری ہے)

انضباطی کارروائی کا سامنا کرنے کیلئے ضروری ہے کہ میرے پاس کمشن کی رپورٹ ہو اس سلسلے میں میری طرف سے اسٹبلشمنٹ ڈویژن کو متعدد بار خط لکھا گیا ہے۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ایک عام تاثر یہ دیا جارہا ہے کہ متنازعہ خبر جو ڈان لیکس کے حوالے سے مشہور ہوئی اس کو رکوانا میری ذمہ داری تھی حالانکہ آئین وقانون کے مطابق خبر کو رکوانا میری ذمہ داری میں شامل نہیں ہے۔

لہٰذا فاضل عدالت نہ صرف کمشن کی رپورٹ طلب کرکے بلکہ میرا مؤقف سن کر مجھے اس الزام سے بری الذمہ قرار دیا جائے۔راؤ تحسین علی خان کی طرف سے رٹ کے ساتھ جلد سماعت کی استدعا بھی کی جائے گی۔دریں اثناء یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ سابق وفاقی وزیر پرویز رشید بھی عیدالفطر سے پہلے ڈان لیکس میں لگے الزام کو دھونے کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا پختہ ارادہ رکھتے ہیں اور اس حوالے سے نامور وکلاء انکا مقدمہ تیار کر رہے ہں۔

واضح رہے کہ قومی سلامتی سے متعلق روزنامہ ڈان میں شائع ہونے والی خبر کے بعد پرویز رشید سے وزارت واپس لے لی گئی تھی اور جب کمشن نے اپنی رپورٹ تیار کرکے وزیراعظم کے سپرد کردی تو وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی کو بھی عہدے سے ہٹا دیاگیا اور پی آئی او راؤ تحسین کو عہدے سے ہٹا کر انضباطی کارروائی شروع کی گئی۔راؤ تحسین اور پرویز رشید کی طرف سے شروع کی جانے والی عدالت چارہ جوئی کے بعد نہ صرف کمشن کی رپورٹ سامنے آنے کے روشن امکانات ہیں بلکہ عدالت میں ڈان لیکس پر زبردست جرح ہوگی۔

واضح رہے کہ راؤ تحسین علی خان کی مدت ملازمت تقریباً دو سال باقی ہے اور مزید ترقی کیلئے ڈان لیکس کے الزام کو دھونا انکے لئے بہت ضروری ہے۔دوسری طرف سیاست میں مؤثر کردار ادا کرنے کیلئے پرویز رشید بھی چاہتے ہیں انہیں بے گناہی کا سرٹیفکیٹ مل جائی۔(ولی)