اتوار کو چھٹی کے روز بھی سپیکر شاہ غلام قادر کی صدارت میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس جاری رہا

موجودہ حالات میں انتہائی شاندار بجٹ ہے‘ ترقیاتی بجٹ میں اضافے پر وزیر اعظم نواز شریف ‘ وزیر اعظم فاروق حیدر اور وزیر خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں‘ سینٹر سراج الحق کا بھی کشمیر عوام کی جانب سے شکریہ اداکرتاہوں ‘اُنہوں نے بھی کشمیری عوام کی موثر آواز بلند کی جس سے بجٹ کے اضافے میں بہتری ہوئی ہے‘انہوں نے خوب کہا تھا راولپنڈی نالہ لئی پر جو بجٹ خرچ ہو رہا ہے تحریک آزادیء کشمیر کے بیس کیمپ کے بجٹ کو برھایا جائے‘ جہاں کشمیریوں کے مسائل حل ہو سکیں ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کا قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پر بحث کے دوران خطاب

اتوار 18 جون 2017 15:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2017ء) آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس سپیکر شاہ غلام قادر کی صدارت میں جاری رہا۔ ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی نے بجٹ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں انتہائی شاندار بجٹ ہے۔ ترقیاتی بجٹ میں اضافے پر وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف ، وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان اور وزیر خزانہ ڈاکٹر محمد نجیب نقی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

سینٹر سراج الحق کا بھی کشمیر عوام کی جانب سے شکریہ اداکرتاہوں اُنہوں نے بھی کشمیری عوام کی موثر آواز بلند کی جس سے بجٹ کے اضافے میں بہتری ہوئی ہے۔ اُنہوں نے خوب کہا تھا راولپنڈی نالہ لئی پر جو بجٹ خرچ ہو رہا ہے تحریک آزادیء کشمیر کے بیس کیمپ کے بجٹ کو برھایا جائے۔

(جاری ہے)

جہاں کشمیری عوام کے مسائل حل ہو سکیں۔عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مختصر عرصہ میں حکومت نے پبلک سروس کمیشن کو فعال کرنے اور این ٹی ایس کے ذریعے بھرتیوںکا جو فیصلہ کیا ہے اس سے نوجوان نسل کو حوصلہ ملا ہے۔

میرٹ پر تقرریاں ہو نگی تو معیار بھی بلند ہو گا۔ اُنہوں نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ 25فیصد اور غیر ترقیاتی 75فیصد ہے توازن کرنے کی ضرورت ہے۔ خود کفالت کے لیئے منصوبہ جات بنانے کی ضرورت ہے۔ زراعت، جنگلات، معدنیات سمیت حکمت عملی بہتر کی جائے کب تک راولپنڈی سے سبزی منگوائی جاتی رہے گی۔ کسانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ بنکوں کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنا حصہ ڈال کر اداروں میں بہتری کریں۔

وزیر تعلیم افتخار گیلانی سے نشست ہوئی ہے بقول اُنکے 70فیصد اساتذہ سلیبس پرھانے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔ میں یہ کہنا چاہتا ہوں پڑھے لکھے افراد کی کمی نہیں ایسے اساتذہ کو گولڈن ہینڈ شیک دے کر فارغ کیا جائے اور با صلاحیت اساتذہ بھرتی کیئے جائیں کے ۔ اُنکی تربیت کے لیئے اقدامات بھی اچھی بات ہے۔ امتیازی نظام تعلیم کا خاتمہ کریں۔ یکساں نطام تعلیم ہونا چاہیئے۔ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیئے صدر آزاد کشمیر کی قیادت سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔عبدالرشید ترابی نے بجٹ کی بھرپور سپورٹ کرتے ہوئے اُسے پاس کرنے کی حمایت کی۔