جے آئی ٹی سپریم کورٹ کی ہدایات اور اختیارات سے بڑھ کر تفتیش کررہی ہے ،ْرانا ثناء اللہ

جے آئی ٹی کی رپورٹ اس وقت تک کوئی اہمیت نہیں رکھتی جب تک یہ عدالت میں نہیں پیش کی جائے گی ،ْصوبائی وزیر قانون

اتوار 18 جون 2017 13:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2017ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ کی ہدایات اور اختیارات سے بڑھ کر تفتیش کررہی ہے۔ایک انٹرویو میں رانا ثناء اللہ نے کہاکہ اس وقت جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کام نہیں کررہی بلکہ اس کا مقصد صرف شریف خاندان کو نشانہ بنانا ہے۔انھوں نے کہا کہ یہ تاثر بھی غلط ہے کہ ہم نے جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی جبکہ حقیقت میں جس انداز سے تحقیقات ہورہی ہیں اس سے جے آئی ٹی خود اپنے آپ کو متنازع بنارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جس پر الزام ہے اسی سے ہر بار سوالات اور ثبوت مانگے جارہے ہیں ،ْیہ تحقیقات کا وہ فارمولا ہے جو دنیا میں کہیں استعمال نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے کہاکہ تفتیشی ٹیم کو چاہیے کہ وہ لندن جاکر معلوم کرے کہ فلیٹس کس طرح سے بنائے گئے اور یہی وہ طریقہ کار ہے جس سے کچھ ثبوت مل سکتے ہیں۔رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ اس وقت تک کوئی اہمیت نہیں رکھتی جب تک یہ عدالت میں نہیں پیش کی جائے گی، لہذا اصل فیصلہ کرنا سپریم کورٹ کا کام ہے اور ہمیں اٴْمید ہے کہ جن تحفظات کا اظہار ہم نے پہلے دن کیا تھا انہیں سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائیگا۔

انھوں نے کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی ن لیگ اسے ہر صورت آئین و قانون کے مطابق تسلیم کرے گی اور یہ بات پہلے خود وزیراعظم نواز شریف بھی کہہ چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :