جے آئی ٹی اختیارات سے تجاوزکررہی ہے-رانا ثناءاللہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 18 جون 2017 11:36

جے آئی ٹی اختیارات سے تجاوزکررہی ہے-رانا ثناءاللہ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جون ۔2017ء) پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناءاللہ نے پاناماکیس کی تحقیقات کے لیے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم پر اختیارات سے تجاوزکرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں کام نہیں کررہی، بلکہ اس کا مقصد صرف شریف خاندان کو نشانہ بنانا ہے‘یہ تاثر بھی غلط ہے کہ ہم نے جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کی کوشش کی، جبکہ حقیقت میں جس انداز سے تحقیقات ہورہی ہیں اِس سے جے آئی ٹی خود اپنے آپ کو متنازع بنارہی ہے۔

نجی ٹی وی سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ جس پر الزام ہے اسی سے ہر بار سوالات اور ثبوت مانگے جارہے ہیں، یہ تحقیقات کا وہ فارمولا ہے جو دنیا میں کہیں استعمال نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ تفتیشی ٹیم کو چاہیے کہ وہ لندن جاکر معلوم کرے کہ فلیٹس کس طرح سے بنائے گئے اور یہی وہ طریقہ کار ہے جس سے کچھ ثبوت مل سکتے ہیں۔

رانا ثناءاللہ نے کہا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ اس وقت تک کوئی اہمیت نہیں رکھتی جب تک یہ عدالت میں نہیں پیش کی جائے گی، لہذا اصل فیصلہ کرنا سپریم کورٹ کا کام ہے اور ہمیں امید ہے کہ جن تحفظات کا اظہار ہم نے پہلے دن کیا تھا انہیں سامنے رکھتے ہوئے فیصلہ کیا جائے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گی نون لیگ اسے ہر صورت آئین و قانون کے مطابق تسلیم کرے گی اور یہ بات پہلے خود وزیراعظم نواز شریف بھی کہہ چکے ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کے ترجمان مصدق ملک نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ سپریم کورٹ پاناما کیس کی تحقیقات میں مصروف مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے رویے کو جانبدرانہ قراردیتے ہوئے الزامات عائد کیئے تھے-

متعلقہ عنوان :