افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے کے دو افسر لاپتہ ہو گئے- جلال آباد سے پاکستانی سفارتی اہلکار جان خان اور اعجاز خان بائی روڈ پاکستان آرہے تھے-افغان حکام کو سفارتکاروں کی گمشدگی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے-ترجمان دفتر خارجہ

Mian Nadeem میاں محمد ندیم اتوار 18 جون 2017 11:36

افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے کے دو افسر لاپتہ ہو گئے- جلال آباد ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18 جون ۔2017ء) افغانستان میں پاکستانی سفارت خانے کے دو افسر لاپتہ ہو گئے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق افغان صوبے ننگرہار کے مرکزی شہر جلال آباد سے پاکستانی قونصل خانے کے دو افسران 16 جون کو براستہ سٹرک پاکستان آتے ہوئے لاپتہ ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق پاکستانی سفارتی اہلکاروں کی بحفاظت بازیابی کیلئے معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھایا ہے جس پر افغان حکام نے تین ٹیمیں بھی تشکیل دے دی ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ سفارتی اہلکاروں کی بازیابی کے لئے افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور افغانستان کو حکام کی جلد از جلد بحفاظت بازیابی کے لئے تمام کوششیں بروئے کار لانے کا کہا ہے۔ اس کے علاوہ افغان حکام کو سفارتکاروں کی گمشدگی کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ افغان حکومت نے پاکستانی سفارتی عملے کی بازیابی کے لیے تین ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے افغان حکومت سے درخواست کی ہے کہ لاپتہ اہلکاروں جان خان اور اعجاز خان کو بازیاب کرانے کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لائی جائیں اور اغواکاروں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔دفتر خارجہ کے جاری بیان میں لاپتہ ہونے والے پاکستانی افسران کی مزید معلومات فراہم نہیں کی گئیں ہیں تاہم یاد رہے کہ افغانستان میں طالبان اور داعش کے علاوہ متعدد مسلح گروپ سفارتی عملے پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔