ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کی جائے‘ مری میں موٹر سائیکلز کو احتیاط سے چلائیں‘ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی

ہفتہ 17 جون 2017 22:51

مری ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جون2017ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی نے کہا ہے کہ ملکہ کوہسار مری ایک پہاڑی علاقہ ہے جہاں تمام روڈزپر دو طرفہ ٹریفک چلتی ہے اس لئے یہاں پر ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کی جائے‘ مری میں موٹر سائیکلز کو احتیاط سے چلائیں‘ تیز رفتاری جان لیوا ہے‘ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی یوسف علی شاہد نے مری میں تعینات ٹریفک وارڈنز افسران کے یہ احکامات جاری کیے کہ سرکل مری میں ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی بلا امتیاز کرائی جائے۔

گذشتہ سالوں میں تیز رفتاری کے باعث حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے اور کنٹرول کرنے کے لئے سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی مری نے کم عمر ڈرائیور ز اور بغیر لائسنس کے موٹر سائیکلز کے 5560چالان کیے اور 106موٹر سائیکلز تھانہ جات میں بند کرائے گئے اس طرح سٹی ٹریفک پولیس مری راولپنڈی اپنے فرائض منصبی کو بہتر طریقے سے سر انجام دیتے ہوئے عوام الناس کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی ٹریفک مری راجہ خان زمان نے کہا ہے کہ سیاحوںاور عوام الناس سے گزارش ہے کہ18سال سے کم عمر بچوں کو ہر گز موٹر سائیکل اور گاڑی چلانے کے لئے نہ دیں‘ گذشتہ روز راجہ خان زمان نے مری میں تعینات ٹریفک وارڈنز کو بریفینگ دیتے ہوئے کہا کہ سرکل مری میں کم عمر ڈرائیور ز یا بغیر لائسنس کے ڈرائیور ز سپیشل موٹر سائیکلز سوار کے خلاف سخت سے سخت کاروائی عمل میں لاتے ہوئے ایف آئی آر درج کرائیں اور بھاری سے بھاری جرمانہ کریں اور جب تک والدین خود تھانہ میں نہیں آتے تب تک بچوں کو ہر گز نہیں چھوڑا جائے گا سزا کے طور پر کم سے کم چھ ماہ قید دلوائی جائے گی‘ عوام کو چاہیئے کہ وہ بھی اپنے بچوں کی زندگی کا خیال رکھیں یہ ایک نعمت ہے آپکی تھوڑی سی لا پرواہی سے ایک قیمتی جان جا سکتی ہے اس لئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں اور پوائنٹ پر کھڑے ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر اور روڈ پر لگے سائن بورڈ اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کریں۔

متعلقہ عنوان :