سینیٹ قائمہ کمیٹی خارجہ امور نے خلیجی ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے معاملے پر اجلاس طلب کرلیا

وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام کوسعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، مصر، لیبیا اور بحرین کے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرنے بارے بریفنگ کی ہدایت

ہفتہ 17 جون 2017 22:12

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جون2017ء) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور نے خلیجی ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی کے معاملے پر اجلاس طلب کرلیا ،وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام کوسعودی عرب ، متحدہ عرب امارات، مصر، لیبیا اور بحرین کی طرف سے قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات معطل کرنے کے بارے میں بریفنگ کی ہدایت کردی ۔ کمیٹی کااجلاس 21جون کو پارلیمنٹ ہائوس میں ہوگا ۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور سیکرٹری خارجہ کو وزیراعظم محمد نوازشریف اور چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کے حالیہ سعودی عرب کی تفصیلات سے کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ کمیٹی کو پاکستان کے ممکنہ مصالحتی کردار کے بارے میں آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کمیٹی ثالثی کی ان کوششوں کی توثیق کر سکے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق قطر سے 6خلیجی ممالک کے سفارتی تعلقات منقطع کرنے کے نتیجہ میں پیدا شدہ بحران کی ممکنہ حل کے بارے میں کمیٹی اپنی سفارشات پر غور کرے گی اور اس حوالے سے اعلیٰ قیادت کو خصوصی طور پر ان تجاویز سے اعلیٰ سطح پر آگاہ کیا جائے گا ۔ خلیجی ممالک کے حوالے سے پاکستان کی خارجہ پالیسی کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اسی طرح ایران اورعراق میں پاکستانی زائرین کو سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں پاکستانی سفارتخانوں ومشن کی کارکردگی سے کمیٹی کو آگاہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ (اع)