حکمرا نوں نے ملک کی 20کروڑ عوام کو مسائل کی دلدل میں پھنسادیا ہے ‘ذکر اللہ مجاہد

موجودہ حکمران جمہوریت کا راگ الاپ کر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں‘امیر جماعت اسلامی لاہور

ہفتہ 17 جون 2017 21:43

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جون2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ حکمرا نوں نے ملک کی 20کروڑ عوام کو غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ،بجلی بحران سمیت دیگر مسائل کی دلدل میں پھنسادیا ہے ۔اپنے ایک بیان میں انہوںنے حکمران جمہوریت کی آڑ میں قوم کو بیوقوف بناکر ان ہی کے پیسوں سے بادشاہت کے مزے لوٹ رہے ہیں اور ٹیکسوں کی آڑ میں مہنگائی کر کے غریبوں کے لیے اُن کی زندگی کو گھمبیراوراجیرن بنا دیا ہے جس سے ملک مختلف مسائل کا شکار ہو کر رہ گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک سنگین ُصورتحال سے گزر رہا ہے مکار دشمن ملک کے اندر اور سرحدوں پر بزدلانہ کاروائیوں میں مصروف عمل ہے اور حکمران بزدلانہ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاعی نظام دنیا کے کسی بھی بڑے چیلنج کا مقابلہ کر سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں موجود ہ کرپٹ نظام سے ملکی سلامتی کو خطرات لا حق ہیں اور ان مسائل کے حل کے لیے ملک میں تعلیم یافتہ ، تربیت یافتہ ، با صلاحیت اور دیانتدار حکمرانی کی اشد ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہو کر ووٹوں کے ذریعے اقبال اور قائد کے افکار پر عمل کرتے ہوئے ملک میں اسلامی ریاست کے قیام کے لیے جماعت اسلامی کی قیادت کا ساتھ دے کیونکہ ملک میں جماعت اسلامی واحد دینی ، سیاسی اورجمہوری جماعت ہے جس کی قیادت میں تمام صلاحیتیں موجود ہیں اور جو ملکی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ حکمرانوں سے نجات کا ایک ہی ذریعہ ہے کہ عوام دیانتدار اور باصلاحیت قیادت کا انتخاب کریں اور لیٹروں سے پائی پائی وصول کرنے کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔