فردوس عاشق اعوان کیخلاف سوشل میڈیا پر متنازعہ مواد کی اشاعت کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت 19 جون تک ملتوی

ہفتہ 17 جون 2017 18:04

فردوس عاشق اعوان کیخلاف سوشل میڈیا پر متنازعہ مواد کی اشاعت کے الزام ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2017ء) لاہور کی مقامی عدالت کے جوڈیشل مجسٹریٹ فاروق اعظم سوہل نے تحریک انصاف کی رہنماء فردوس عاشق اعوان کے خلاف سوشل میڈیا پر متنازعہ مواد کی اشاعت کے الزام میں گرفتار ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی اور فریقین کے وکلاء کو حتمی بحث کیلئے طلب کر لیا۔ ملزم حسیب زاہد کے وکیل افتخار شاہد نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم پر سیاسی دباو کے تحت بلاجواز مقدمہ درج کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ الیکٹرانک کرائم کے سیکشن 21کے تحت بغیر ثبوت کے مقدمہ درج نہیں کیا جا سکتا۔ فردوس عاشق اعوان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم نے سوشل میڈیا پر ان کی موکلہ کی کردار کشی پر مبنی مواد شائع کیا، انہوں نے کہا کہ ملزم کے اقدام سے فردوس عاشق اعوان کی ساکھ بری طرح متاثر ہوئی ہے لہٰذا عدالت ملزم کی درخواست ضمانت مسترد کرے۔عدالت نے فریقین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد سماعت 19 جون تک ملتوی کر دی۔ (ایم خالد)