پشاور سے لاہور جی ٹی روڈ بشمول مری ایکسپریس میں ’’ای ٹکٹنگ‘‘ کا آغاز کر دیاگیا ہے، عباس احسن

ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ سے ڈیٹا مینجمنٹ کو جدید طرز پر استوار کیا جا سکے گا اور روڈ یوزرز کے قیمتی وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ انہیں بہتر اور بروقت سفری سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گا، ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس

ہفتہ 17 جون 2017 17:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2017ء) ڈی آئی جی نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون عباس احسن نے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس شوکت حیات کی ہدایت پر پشاور سے لاہور جی ٹی روڈ بشمول مری ایکسپریس ( این فائیو نارتھ زون)میں ’’ای ٹکٹنگ‘‘ کا آغاز کر دیاگیا ہے اور چالان بک پر جاری کئے جانے والے پرانے ٹکٹنگ نظام کو مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے ڈی آئی جی عباس احسن نے ہفتہ کے روزمری ایکسپریس وے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوںاور تیز رفتاری پر خود چالان کا اجرا کرکے ای ٹکٹنگ سسٹم کا افتتاح کیا اس موقع پر ایس ایس پی مجیب الرحمن بغوی، ایس ایس پی وحید ا لرحمن خٹک،اور ڈی ایس پی رضوان عباسی کے علاوہ موٹروے پولیس کے افسران کی کثیر تعداد موجود تھی ڈی آئی جی نے بتایا کہ ای ٹکٹنگ کے نفاذ کا مقصد جہاں روڈ یوزرز کو پہلے سے بہتر سہولیات کی فراہمی ہے وہاں محکمہ کو دورِ حاضر کے تمام جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا بھی ہے انہوں نے بتایا کہ ابتدائی مرحلے میں ای ٹکٹنگ سسٹم کو مری ایکسپریس وے پر تجرباتی بنیادوں پر نافذ کیا گیا جس کی کامیابی کے بعد ای ٹکٹنگ سسٹم کو جی ٹی روڈ لاہور تا پشاور بشمول مری ایکسپریس وے پر عملی طور پراسکا نفاذ کر دیا گیا ہے انہوں نے کہاکہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ سے ڈیٹا مینجمنٹ کو جدید طرز پر استوار کیا جا سکے گا اور روڈ یوزرز کے قیمتی وقت کی بچت کے ساتھ ساتھ انہیں بہتر اور بروقت سفری سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جا سکے گااس کے علاوہ ای ٹکٹنگ سسٹم کی بدولت چالان اور ہیلپ کی صورت میں متعلقہ روڈ یوزر کے موبائل فون پر ایس ایم ایس وصول ہوگا جس کے بعد متعلقہ روڈ یوزرز چالان یا ہیلپ سے متعلق بذریعہ واپسی میسیج اپنی شکایات و آرا سے نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے اعلیٰ افسران کو بروقت مطلع کر سکتا ہے جس کی بدولت روڈ یوزرز کو ملنے والی سفری سہولیات اور انفورسمنٹ کے نظام میں مزید بہتری لائی جاسکے گی ڈی آئی جی عباس احسن نے بتایا کہ این فائیو نارتھ زون میں ای ٹکٹنگ کا نفاذ ہماری اولیں ترجیحات میں شامل تھا اور اس سلسلے میں افسران کی شبانہ روز محنت اور لگن کے نتیجے میں اس سسٹم کے مکمل نفاذ کو یقینی بنایا جا سکا ڈی آئی جی نے بتایا کہ جلد ہی ای ٹکٹنگ سسٹم کا نفاذ پورے پاکستان کی نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز پر بھی کر دیا جائے گا آخر میں ڈی آئی جی نے کہا کہ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس این فائیو نارتھ زون روڈ یوزرز کے محفوظ سفر کی فراہمی کیلئے مزید اقدامات بھی اٹھا رہی ہے جس میں روڈ سیفٹی ایکٹیوٹی پلان 2017 کا نفاذ اور جی ٹی روڈپر قائم ہر قسم کی تجاوزات جو کہ حادثات کا باعث بنتی ہیں کے خاتمے کیلئے بھی اقدامات اٹھا رہے ہیں