کشمیر ہمارا اصل ایشو ہے اسے الگ رکھ کر بھارت سے دوستانہ تعلقات پروان نہیں چڑھ سکتے،مولانا عبدالعزیز علوی

ہمیں یواین کی قراردادوں کو بنیاد بنا کربین الاقوامی سطح پر رائے عامہ ہموار کرنی چاہیے،امیر جماعتہ الدعوہ آزاد کشمیر

ہفتہ 17 جون 2017 17:23

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 جون2017ء) امیرجماعةالدعوہ آزادکشمیر مولاناعبدالعزیزعلوی نے کہاہے کہ کشمیر ہمارا اصل ایشو ہے اسے الگ رکھ کر بھارت سے دوستانہ تعلقات پروان نہیں چڑھ سکتے۔ مظلوم کشمیری پاکستان کو اپنا سب سے بڑا وکیل سمجھتے ہیں۔ کشمیر کے پاکستان سے گہرے رشتے ہیں۔ ہمیں یواین کی قراردادوں کو بنیاد بنا کربین الاقوامی سطح پر رائے عامہ ہموار کرنی چاہیے۔

انہوںنے کہاکہ ملک دشمن قوتیں پاکستان کو کسی صورت مضبوط و مستحکم نہیں دیکھنا چاہتیں۔ اس وقت ملک میں اتحادویکجہتی کاماحول پید اکرنے کی ضرورت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے گشتہ رو زجاری اپنے ایک بیان میں کیا ۔انہوںنے کہاکہ غاصب بھارتی فوج نے کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر رکھا ہے۔

(جاری ہے)

نہتے کشمیریوں کی نسل کشی کر کے بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔

پاکستان خارجہ ڈیسک متحرک کرے اور عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے۔سال 2017کشمیر کے نام کرنے پر حافظ محمد سعید و دیگررہنمائوں کو نظربند کیا گیا۔مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت سے کسی صورت پیچھے نہیں رہیں گے۔ پاکستان کی نوجوان نسل کو مغرب نے خصوصی ہدف بنارکھا ہے۔ تعلیمی اداروں میں مخلوط ماحول اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے معاشرے میں فحاشی و عریانی پھیلا کر نوجوان نسل کو تباہ کیا جارہا ہے۔

بھارت اقوام متحدہ کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزیاں کر رہا ہے مگر کسی کو کوئی پرواہ نہیں کوئی قانون نہیں جو بھارت کو دہشتگردی سے روکے ۔کشمیری اپنے دفاع کے لیے بندوق اٹھائیں تو فوری دہشتگردی کا لیبل لگادیا جاتاہے ۔پورے کشمیر کو جیل میں تبدیل کر کے رکھ دیا گیا ہے۔آٹھ لاکھ بھارتی فوج کشمیر کے گلی کوچوں میں تعینات ہے اور مظلوم کشمیریوں کی عزتیں و حقوق کچھ بھی محفوظ نہیں ہے۔

شہداء کی تعداد لاکھوں میں پہنچ چکی ہے۔ بھارت کی آٹھ لاکھ فوج مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا ارتکاب کر رہی ہے۔ برہان وانی کی شہادت کے بعدسے ڈیڑھ سو سے زائد افراد شہید کر دیے گئے‘ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔ پیلٹ گنوں سے زخمی ہونے والے سینکڑوں کشمیری اب تک اپنی بینائی کھوچکے ہیں۔پندرہ ہزار سے زائد نوجوانوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں ڈال دیا گیا۔کشمیری تاجروں کو اربوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایا گیا۔ بھارتی فوج کی طرف سے گھروں میں گھس کر توڑ پھوڑ کا سلسلہ جاری اور چادر چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے ۔انہوںنے کہاکہ مظلوم کشمیریوں کی ہرممکن مددوحمایت کی ضرورت ہے۔ پاکستان کی یہ بے حسی ملکی سلامتی کے انتہائی نقصان دہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :