سیاسی دنگل کا سال ہے، ایک مرتبہ پھر قوم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کریگی،خواجہ محمد آصف

ہفتہ 17 جون 2017 14:06

سیاسی دنگل کا سال ہے، ایک مرتبہ پھر قوم نواز شریف پر اعتماد کا اظہار ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 17 جون2017ء) وفاقی وزیر دفاع ،بجلی و پانی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ 2018ء سیاسی دنگل کا سال ہے۔ عام انتخابات میں ایک مرتبہ پھر قوم میاں محمد نواز شریف پر اعتماد کا اظہار کریگی ۔کوئی کیا کہتا ہے کرتا ہے ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ہمیں ملک کی خدمت کرنا ہے۔ ہم نے چار سال قوم کی خدمت کی ہے اور خدمت ہی ہمارا مشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔ اور 2018ء کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) عوام کے ووٹ کی طاقت سے خیبر سے کراچی تک جیتے گی۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر دفاع ،پانی وبجلی خواجہ محمد آصف نے سیالکوٹ کینٹ میں چیئرمین یونین کونسل کوٹلی بہرام حاجی محمد رفیق مغل کی طرف سے مسلم لیگ (ن) کے ورکرز کے اعزاز میں دئیے گئے افطا ر ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری محمد اکرام، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد جاوید وڑائچ، میئر میونسپل کارپوریشن توحید اختر چوہدری، ڈپٹی میئر چوہدری بشیر احمد، چیئرمین محمود الحسن بابر خان، چیئرمین مارکیٹ کمیٹی چوہدری سیف اللہ ،چیئرمین میاں محمد اشفاق، چیئرمین ائیر پورٹ ملک محمد اشرف اعوان، چیئرمین زکوةٰ وعشر کمیٹی میاں سہیل اقبال، چیئرمین ضلعی امن کمیٹی مبشر چوہدری اور کارکنوں کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔