موجودہ حکومت کپاس کی فصل پر بہت زیادہ فوکس کررہی ہے‘ ایڈیشنل سیکرٹری زراعت

جمعہ 16 جون 2017 22:51

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2017ء)ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) پنجاب عبدالرحمن اعجاز گوندل نے کہا ہے کہ کپاس کو ملکی معیشت میں انتہائی اہم مقام حاصل ہے کیونکہ اس کا ملکی زرمبادلہ میں بہت زیادہ حصہ ہے۔ گزشتہ دو سال کپاس کے کاشتکاروں کیلئے اچھے نہیں رہے لیکن موجودہ حکومت کپاس کی فصل پر بہت زیادہ فوکس کررہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل کاٹن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ملتان میںکاٹن کراپ مینجمنٹ گروپ کے تیسرے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وائس چانسلرمحمد نواز شریف زرعی یونیورسٹی ملتان ڈاکٹر آصف علی، ڈائریکٹر جنرل زراعت (ریسرچ) ڈاکٹر عابد محمود، ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) سید ظفر یاب حیدر نقوی، سابقہ ڈائریکٹر جنرل زراعت (پیسٹ وارننگ) چوہدری خالد محمود، ڈائریکٹر کاٹن ڈاکٹر صغیر احمد، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ کاٹن زون چوہدری محمد فاروق، ڈائریکٹر زراعت (توسیع) رانا احمد منیر، ڈائریکٹر سی سی آر آئی ڈاکٹر زاہد محمود، اسسٹنٹ ڈائریکٹر زرعی اطلاعات نوید عصمت کاہلوں، نمائندہ چیف میپکو، ملتان، بہاولپور، ڈی جی خان اور فیصل آباد کے محکمہ انہار کے افسران، کپاس کاشت کے مرکزی اضلاع سے ڈپٹی ڈائریکٹرز زراعت، پی سی پی اے، پی سی جی اے اور کراپ لائف کے نمائندگان، پاکستان کسان اتحاد، انجمن کاشتکارا ن سمیت خواجہ شعیب، رانا ضیا ء الحق، محمد سلیم ارائیں، رائو افسر علی، رانا فتخار احمد، میڈم عذرا شیخ، آصف مجید اور رائو شاہدنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل سیکرٹری زراعت (ٹاسک فورس) نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے ویژن کے مطابق کاشتکاروں کیلئے معیاری کھادوں و زرعی ادویات کی فراہمی کے سلسلہ میں زیروٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔ اس سلسلہ میں جنوری 2017 سے اب تک ایک کروڑ 33لاکھ 73ہزار 463 روپے کے جعلی زرعی ادویات پکڑ کر بطور مال مقدمہ حوالہ پولیس کی گئیں جبکہ 30ملزمان کی گرفتار ی عمل میں لائی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بارانی علاقہ جات سے شعبہ توسیع و پیسٹ وارننگ کا عملہ کاٹن زون میں پہنچ چکا ہے جو تیسری چنائی تک کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے کاٹن زون میں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ سیکرٹری زراعت پنجاب محمد محمود نے تہیہ کررکھا ہے کہ کپاس کی پیداوار کے مقررہ ہدف سے زائد کے حصول کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور کاشتکاروں کی بھر پور رہنمائی کی جائے گی۔

اس سلسلہ میں سیکرٹری زراعت پنجاب نے کاٹن زون میں محکمہ زراعت کے تمام فیلڈ عملہ کی عید کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس کی فصل کے دوران کاشتکاروں کی رہنمائی میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی میں مرتکب افسران و اہلکاروں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل زراعت (توسیع) سید ظفر یاب حیدر نے اپنی بریفنگ کے دوران شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امسال پنجاب میں 57 لاکھ 55 ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت ہوچکی ہے جو کہ مقررہ ہدف کا 96 فیصد ہے۔

جبکہ گزشتہ سال کی نسبت 31 فیصد زیادہ رقبہ پر کپاس کی کاشت ہوئی ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل (ریسرچ) ڈاکٹر عابد محمود نے کپاس کی موجودہ صورت حال کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ امسال کپاس کے بیج کا شرح اگائو بہترین رہا جس کی وجہ سے پودوں کی فی ایکڑ مطلوبہ تعداد برقرار رکھنے میں کاشتکاروں کو مشکلات درپیش نہیں آئیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بڑھوتری کی صورت حال نہایت تسلی بخش ہے اور کپاس کا قد اوسطاً ایک فٹ ہے اور اوسطاً 2 سے 3ڈوڈیاں فی پودا موجود ہیں۔ اس موقع پر چوہدری خالد محمود نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہا کہ امسال کپاس کی فصل پر کیڑوں اور بیماریوں کا حملہ بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت تک کپاس کی فصل کی حالت تسلی بخش ہے۔