لیسکو ریجن کے صارفین کو رمضان المبارک میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی جاری

چیف ایگزیکٹو لیسکو سحروافطار کے دوران بجلی فراہمی کے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں

جمعہ 16 جون 2017 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2017ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی تمام ریجن میں اپنے معزز صارفین کو بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقنی بنانے کے لیئے دن رات کوشاں ہے اور سحر و افطار کے دوران بجلی کی بلا تعطل سپلائی کو ہر ممکن حد تک یقینی بنایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری برائے پانی و بجلی یوسف نسیم کھوکھر کی ہدایات پر تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں سحروافطار کے دوارن بجلی کی متواتر سپلائی کو یقینی بنانے کے لیئے وڈیو کانفرنس کا انعقاد جاری ہے جس کے مطابق تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز سمیت دیگر اعلیٰ افسران سحر و افطار کے اوقات میں اپنے ہیڈ آفسز میں اس وڈیو کانفرنس میں شرکت کرتے ہیں اور اپنے اپنے ریجنزمیں بجلی فراہمی کے عمل اور کارکردگی سے بابت وزارت پانی و بجلی کو آگاہ کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں چیف ایگزیکٹو سید واجد علی کاظمی کی سربراہی میں لیسکو افسران بھی لیسکو ہیڈ آفس میں سحر وافطار کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کی خود نگرانی کر رہے ہیں جبکہ تمام ایکسئین ، ایس ڈی اوز ، اور لائن سٹاف کی کسی بھی خرابی /رکاوٹ کو جلد سے جلد دور کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں ۔اس وڈیو کانفرنس کے باعث تما م ملک بالخصوص لیسکو ریجن میں بجلی کی فراہمی کو مزید بہتر سے بہتر بنا یا جا رہا ہے۔

دریں اثناء لیسکو میں صارفین کی سہولت کے لیئے نئے فیڈرز کا قیام اور ان سے بجلی کی فراہمی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔گزشتہ دو روز کے دوران 2نئے فیڈرز سے بجلی کی ترسیل شروع کی گئی ہے ۔132Kvفتح گڑھ گرڈ سے نکلنے والے نئے جمالِ مصطفی فیڈر کے باعث تاج پورہ فیڈر ، میاں پارک فیڈر اور غازی آباد فیڈر سے ملحقہ علاقوں کی اوور لوڈنگ اور لو ولٹیج کی شکایات کا ازالہ ممکن بنایا ہے جبکہ 132Kvرستم گرڈ سے نکلنے والے نئے نین سُکھ فیڈر پر جڑانوالہ روڈ فیڈر کا زائدلوڈ منتقل کیا گیا ہے جس کے باعث جڑانوالہ فیڈر سے ملحقہ علاقوں کو ریلیف فراہم کیا جارہا ہے۔صارفین سے درخواست ہے کہ کسی بھی قسم کی خرابی یا بجلی نہ آنے کی صورت میں قریبی کمپلینٹ سیل پر اپنی شکایات رجسٹرر کروائیں۔