شہبازشریف کل تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونگے

حدیبیہ پیپرملز اور گلف سٹیل مل کے بارے میں پوچھ گچھ کئے جانے کا امکان

جمعہ 16 جون 2017 22:06

شہبازشریف کل تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونگے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2017ء) پانامہ تحقیقات شریف خاندان کو جے آئی ٹی میں کھینچ لائی۔ وزیر اعظم نواز شریف کے بعد اب وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کل (ہفتہ کو )تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونگے۔ شہباز شریف سے حدیبیہ پیپرملز اور گلف سٹیل مل کے بارے میں پوچھ گچھ کئے جانے کا امکان ہے۔تفصیلات کے مطابق پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو آج ہفتہ کے روز پیشی کیلئے طلب کر رکھا ہے۔

شہباز شریف جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہونے کیلئے اسلام آباد رپہنچ چکے ہیں، وہ جے آئی ٹی کو مطلوبہ اہم دستاویزات اور ریکارڈ بھی جمع کرائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حمزہ شہباز شریف بھی اپنے والد کے ہمراہ آئے ہیں اور جے آئی ٹی میں وہ بھی ان کے ساتھ پیش ہوں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف جمعرات کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوئے تھے جہاں ان سے ساڑھے تین گھنٹے تک سوالات و جوابات کیے گئے۔

جے آئی ٹی نے وزیر اعظم کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بھی 24 جون کو طلب کر رکھا ہے تاہم کیپٹن صفدر نے جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہونے سے معذرت کرلی ہے۔ انہوں نے جے آئی ٹی کو ایک درخواست جمع کرائی ہے جس میں موقف اپنایا ہے کہ وہ اگلے ہفتے عمرہ کیلئے جائیں گے اس لیے انہیں رواں ہفتے کسی روز طلب کیا جائے۔اس سے قبل جے آئی ٹی نے وزیر اعظم کے دونوں صاحبزادوں کو بھی طلب کیا تھا ، حسین نواز 5جبکہ حسن نواز 2مرتبہ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔(مہر علی خان)

متعلقہ عنوان :