بہاولپور،چولستان چک نمبر178/7R میں لاکھوں روپے سے تعمیرہونیوالی وٹرنری ڈسپنسری 20سال بعد بھی آپریشنل نہ ہو سکی

جمعہ 16 جون 2017 21:44

بہاولپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 16 جون2017ء)چولستان چک نمبر178/7R میں لاکھوں روپے سے تعمیرہونے والی وٹرنری ڈسپنسری بیس سال بعد بھی آپریشنل نہ ہو سکی۔چولستان کی دیگر وٹرنری ڈسپنسریز کی طرح لائیو سٹاک بہاولپور کے حوالے کیا جائے تا کہ عوام اس سے اپنے مال مویشیوں کا علاج ممکن بنا سکے۔چئیرمین یونین کونسل 178/7Rچولستان رئیس عبدالطیف مہر کا ایم ڈی چولستان ،کمشنر بہاولپور اور ڈائریکٹر لائیو سٹاک بہاولپور سے مطالبہ۔

تفصیل کیمطابق چولستان ترقیاتی ادارہ بہاولپور نے بیس سال قبل چولستان کے مال مویشیوں کی صحت اور تندرستی کے لئے چولستان کے چکوک 229/1L،ہیڈ فرید225/1Lالف اور چک نمبر 178/7Rمیں وٹرنری ڈسپنسریز تعمیر کرائی تھیں۔جن میں دو ڈسپنسریز تو چالو ہو گئیں مگر چک نمبر 178/7Rمیں لاکھوں روپے سے تعمیر شدہ بلڈنگ اور لاکھوں روپے کی ادویات کے باوجود ایک دن بھی یہ وٹرنری ڈسپنسری چالو نہ ہو سکی۔

(جاری ہے)

اس ڈسپنسری میں تعینات عملہ آج تک ڈیوٹی پر حاضر نہیں ہوا۔موجودہ حکومت نے چولستان کی تمام وٹرنری ڈسپنسریاں لائیو سٹاک بہاولپور کے حوالے کر دیں۔جہاں سے روزانہ سینکڑوں مویشیوں کو ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔جبکہ چک نمبر 178/7Rمیں تعمیر شدہ وٹرنری ڈسپنسری تا حال بند پڑی ہے۔چئیرمین یونین کونسل 178/7Rچولستان رئیس عبدالطیف مہر نے ایم ڈی چولستان،کمشنر بہاولپور اور ڈائریکٹر لائیو سٹاک بہاولپور سے مطالبہ کیا ہے کہ اس وٹرنری دسپنسری کو بھی لائیو سٹاک بہاولپور کے حوالے کیا جاے۔