عالمی بینک نے پاکستان میں لوگوں کو مالیاتی خدمات تک رسائی ،ْلوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے 223 ملین ڈالر کی منظوری دیدی

منصوبے کے تحت 2020ء تک ملک بھر میں 50 فیصد بالغ افراد کو مالیاتی و بینکنگ خدمات تک رسائی میں بہتری لائی جائے گی

جمعہ 16 جون 2017 17:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2017ء) عالمی بینک نے پاکستان میں لوگوں کو مالیاتی خدمات تک رسائی دینے اور کراچی کے مختلف حصوں میں لوگوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے سلسلے میں 223 ملین ڈالر کے پیکیج کی منظوری دے دی۔ منصوبے کے تحت 2020ء تک ملک بھر میں 50 فیصد بالغ افراد کو مالیاتی و بینکنگ خدمات تک رسائی میں بہتری لائی جائے گی جن میں نصف تعداد خواتین کی ہوگی۔

اس کے ساتھ ساتھ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لئے نجی شعبہ کے قرضوں کو بھی 15 فیصد تک فروغ ملے گا جو 2015ء میں 7 فیصد تھے۔ پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر پچا متھو ایلان گوان نے اس حوالے سے کہا ہے کہ دونوں منصوبوں میں لوگوں کی شمولیت ایک مضبوط عنصر ہے جو عالمی بینک کی پاکستان کے ساتھ شراکت داری کا محور ہے۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں میں بالخصوص خواتین، نوجوانوں اور غریب طبقات کو ترجیح دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کی بینکنگ سیکٹر سے باہر آبادی کا 5 فیصد پاکستان میں ہے، ہمیں اس رجحان میں تبدیلی لانے کی ضرورت ہے تاکہ لوگوں بالخصوص خواتین کو مالیاتی طور پر خودمختار بنایا جا سکے۔ مالیاتی شمولیت و انفراسٹرکچر پراجیکٹ کے تحت 137 ملین ڈالر بالخصوص ان لوگوں کی مدد کے لئے فراہم کئے جائیں گے جن کے بینک اکائونٹس نہیں ہیں اور وہ قرضے نہیں لے سکتے تاکہ انہیں مالیاتی خدمات تک رسائی مل سکے۔

متعلقہ عنوان :