ماہ صیام کے بقیہ ایام میں بھی رمضان بازاروں میں عمدہ انتظامات کو برقرار رکھا جائے‘ڈپٹی کمشنر

جمعہ 16 جون 2017 00:20

رحیم یار خان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2017ء)ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان سقراط امان رانا نے کہا ہے کہ ماہ صیام کے بقیہ ایام میں بھی رمضان بازاروں میں عمدہ انتظامات کو برقرار رکھا جائے اور صارفین کی لئے اشیائے روزمرہ کے علاوہ تروتازہ پھل و سبزیاں دستیاب رہنی چاہییں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان بازار وں میں اشیاء ضر و ریہ کی فراہمی و انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ رمضان پیکج پر شفاف انداز میں عملدرآمد کے ساتھ ساتھ عام مارکیٹ میں بھی صارفین کے حقوق کا مکمل تحفظ کیا جائے اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس عام مارکیٹ میں ناپ تول میں کمی، ناجائز منافع خوری، ذخیرہ اندوزی اور ناقص اشیاء خورد و نوش کی تیاری و فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ رمضان بازاروں اور عام مارکیٹ میں کسی صورت صارف کی جانب سے وزن میں کمی اور معیارنہ ہونے کی شکایت نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے آئندہ دنوں میں چینی، آٹا، گھی، دالیں سمیت دیگر اشیاء ضر و ریہ کی سپلائی میں اضافہ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کی طرح ضلع رحیم یار خان میں بھی سبز تھیلہ میں سبسڈی آٹا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ خوراک، انڈسٹریز، مانیٹرنگ، صحت ، ریونیو سمیت دیگر محکموں کے فیلڈ سٹاف کء ذریعے ضلع کی ہر یونین کونسل میں سبز بیگ میں کم نرخوں پر اعلیٰ معیار کے آٹا کی فراہمی یقینی بنائیں۔

انہوں نے ہدایت کی کہ اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ ضلع میں ہر جگہ گرین آٹا دستیاب ہو اور عوام صرف وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اربوں روپے کی سبسڈی فراہم کردہ معیاری آٹا ہی خریدیں۔انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مارکیٹ میں آٹا کی طلب و رسد پر بھی نظر رکھیں جبکہ فلور ملز سے عام مارکیٹ میں سپلائی کئے جانے والے آٹا کا مکمل ریکارڈ رکھا جائے۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے الصبح ڈی پی او ذیشان اصغر کے ہمراہ سبزی و فروٹ منڈی میں مختلف شیڈز میں جاکر پھل و سبزیوں کی نیلامی کے عمل کا جائزہ لیا۔