وزیراعظم نواز شریف نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر ایک ایسی مثال قائم کی ہے جو ملکی آئین اور قانون مزید مستحکم کرے گی

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف کی نجی ٹی وی چینل سے بات چیت

جمعہ 16 جون 2017 00:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جون2017ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر ایک ایسی مثال قائم کی ہے جو ملکی آئین اور قانون مزید مستحکم کرے گی۔ جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تمام ادارے اپنی ڈومین کے تحت کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اور ان کی جماعت نے عدلیہ کی بحالی کے لیے قربانیاں دی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام ادارے پختگی کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ 2013ء میں جب ہم نے اقتدار سنبھالا ملک کے معاشی طور پر دیوالیہ ہونے کی باتیں کی جا رہی تھیں لیکن پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ملکی معیشت کو مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے اور اس ضمن مین اہم و موثر اقدامات بھی کیے ہیں جن کی بدولت ملکی معیشت روز بروز مستحکم ہو رہی ہے جس کا اعتراف عالمی اعدادو شمار میں بھی کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ عناصر جو پچھلے دروازے سے اقتدار میں آنا چاہتے ہیں انہیں یہ معلوم ہونا چاہیئے کہ تمام ادارے اپنی ڈومین کے تحت کام کر رہے ہیں۔