پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈائون ،ناقص صفائی ، مضر صحت اجزاء کے استعمال پربلے شاہ قصوری قلفی یونٹ سیل

چار سو لیٹر دودھ ،300 قلفیاں موقع پر تلف،بابا جی قلفی کی پروڈکشن ہنگامی طور پر بند

جمعرات 15 جون 2017 22:06

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2017ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایت پر عوام کو صحت مند اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کاناقص اشیاء کوردونوش بنانے اور بیچنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے کاروائی کرتے ہوئے بند روڈ پر واقع بلے شاہ قصوری قلفی(پروڈکشن یونٹ) کو ناقص صفائی ، گندے فرش اور کھلے کوڑا دان،زنگ آلودہ اور گندے سانچوں کا استعمال،دودھ کی بوتلوں پر لیبل نہ ہونے،حشرات کے خاتمے کا ناقص انتظام پر احاطے کو سیل جبکہ تقریباًً100 لیٹر دودھ 100 پیک کی ہوئی دودھ کی بوتلیںاور300 قلفیوں کو موقع پر ضائع کر دیا گیا۔

ملتان روڈ یتیم خانے کے قریب بابا جی قلفی پروڈکشن یونٹ کو ناقص صفائی اور دیگر انتظامی خرابیوں پر پروڈکشن فوری طور پر بند کرنے اور اصلاحات لانے تک آپریشن بند کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

علامہ اقبال ٹائون میں علی الفضل ریسٹورنٹ پر چھاپے کے دورا ن دودھ کو ڈھانپے بغیر رکھنے،حشرات کے خاتمے کا ناقص انتظا م ہونے،کیچن ایریا میں سگریٹ کے بڈزاور فیول کی بدبو موجود ہونے،ملازمین کے میڈیکل سرٹیفیکٹ نہ ہونے پر 25 ہزار جرمانہ عائدکر دیا گیااور 21 لیٹر دودھ کو موقع پر ضائع کر دیا گیا۔

اقبال ٹائون میں رفیق سوئٹس ہائوس ،حق باہو کولڈ کارنر، کوزی حلیم اینڈ سموسہ شاپ پر معائنے کے دوران اشیاء خوردونوش کو ڈھانپے بغیر رکھنے،ملازمین کا اپرن اور سرڈھانپے بغیر کام کرنے،حشرات کے خاتمے کا ناقص انتظام ہونے پر وارننگ نوٹس جاری اور جلدازجلد بہتری لانے کے احکامات جاری کیے۔سمن آبادمیں لاہورپولٹری فارم کو ڈی سیل کرنے کے بعدلائی گئی اصلاحات کا معائنہ کیا گیااور بیمار اور مردہ مرغیوں کے ریکارڈ کی عدم موجودگی ، گند ے آلات سے مرغیاںذبح کرنے ،فریزر میں گوشت اور پھلوں کو ایک ساتھ محفوظ کرنے پر وارننگ نوٹس اور فوری بہتری کے احکامات جاری کیے۔

غالب مارکیٹ میں رمضان بازار ،سنگھ پورہ رمضان بازار،غازی آباد رمضان بازار،چائنہ سکیم سستا رمضان بازارمیں پھلوں اور سبزیوںکے سٹالز،چکن اور میٹ کے سٹالز،مشروبات اور ڈیری کے سٹالز،گھی اورآئل کے سٹالز،آٹے اور گندم کے سٹالزپر معائنہ کے دوران تقریباًً 15 کلو رنگین سلنٹی،7 کلو خراب ٹماٹر،3 کلو آلو، اور 25 پیکٹ پکوڑیوں کو سٹالز سے ہٹا کر موقع پر ضائع کر دیا گیا اور مزید بہتری کی ہدایات جاری کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :