وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق کی اٹلانٹا میں بل ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات

سنیٹر عائشہ رضا فاروق کاحکومتوں اور اداروں کی طرف سے پاکستان کو پولیو کے خاتمہ کیلئے 1.2 بلین ڈالر فراہم کرنے کے عزم پر اطمینان کا اظہار پاکستان میں اعلیٰ ترین قیادت کی دلچسپی اور عزم کی وجہ سے یہ مرض خاتمہ کے قریب ہے، عائشہ رضا فاروق

جمعرات 15 جون 2017 21:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2017ء) وزیراعظم کی فوکل پرسن برائے پولیو سینیٹر عائشہ رضا فاروق جو پولیو کے عالمی فورم میں شرکت کرنے کیلئے امریکہ کے دورے پر ہیں، نے اٹلانٹا میں مائیکرو سافٹ کے بانی اور بل ملنڈا گیٹس فائونڈیشن کے شریک چیئرمین بل گیٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دنیا کو پولیو سے پاک کرنے کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

سنیٹر عائشہ رضا فاروق نے حکومتوں اور اداروں کی طرف سے پاکستان کو پولیو کے خاتمہ کیلئے 1.2 بلین ڈالر فراہم کرنے کے عزم پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اس سے دنیا کے مختلف ممالک میں اس مرض کے خلاف مہم کو تقویت حاصل ہو گی۔ انہوں نے دنیا میں پولیو کے خاتمہ کے نیک مقصد کیلئے اور کرہ ارض سے پولیو کو پاک کرنے کی کوششوں میں مدد کرنے پر بل گیٹس کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر عائشہ رضا فاروق نے بل گیٹس کو بتایا کہ پاکستان میں اعلیٰ ترین قیادت کی دلچسپی اور عزم کی وجہ سے یہ مرض خاتمہ کے قریب ہے، ہم 306 کیسز سے کم کرکے پولیو کو 2 کیسز پر لے آئے ہیں تاہم ہماری منزل صفر کیس ہے اور اس کیلئے اسی عزم سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر بل گیٹس نے کہا کہ انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ ایک کروڑ 60 لاکھ بچے معذور ہو سکتے تھے جو عالمگیر مہم کے نتیجہ میں آج اپنے پائوں پر چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اضافی فنڈنگ سے ہمیں دنیا بھر سے پولیو کے ہمیشہ کیلئے خاتمہ میں مدد ملے گی تاکہ کوئی بھی بچہ کبھی بھی اس مرض کا شکار نہ ہو۔ انہوں نے بتایا کہ پولیو کا عالمی پروگرام 45 کروڑ بچوں تک پولیو ویکسین پہنچاتا ہے اور 70 ممالک میں پولیو وائرس کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پولیو وائرس دنیا کے کسی حصہ میں موجود ہو تو دنیا بھر میں تمام بچوں کو خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم پولیو کے خاتمے کے حوالے سے ایک لمبا سفر طے کر چکے ہیں۔ 1988ء میں دنیا میں ہر گھنٹہ 40 کیسسز سامنے آتے تھے جبکہ سال 2016 میں پورے سال میں دنیا بھر سے اس بیماری کے 40 کیسز سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اگر آج ہم دنیا میں پولیو مہم کو روک دیں تو اس بیماری کے 2 لاکھ کیسز سالانہ رونما ہوں گے۔ اس موقع پر سنیٹر عائشہ رضا فاروق اور بل گیٹس کے درمیان بچوں کی 9 بیماریوں کے خلاف حفاظتی ٹیکے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔