ملک مزید ہنگامہ آرائیو ں اور ہڑتالوں کا متحمل نہیں ہو سکتا ،ہم جمشید دستی اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں،آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین میر محمد یوسف شہوانی کی ملتان میں پریس کانفرنس

جمعرات 15 جون 2017 20:59

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2017ء) آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین میر محمد یوسف شہوانی نے کہا ہے کہ ملک مزید ہنگامہ آرائیو ں اور ہڑتالوں کا متحمل نہیں ہو سکتا ۔ہم جمشید دستی اور حکومت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں ۔ان خیالات بروز جمعرات انہوں نے پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔

میر محمد یوسف شہوانی نے مزید کہا کہ ملک کے مفاد اور 20کروڑ عوام کی خاطر حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جمشید دستی پر جھوٹی دفعات لگائی گئی ہیں اور انہیں ایک سوچے سمجھی سازش کے تحت پھنسایا گیا ہے ۔ہم محب وطن شہری ہیں اور بطور آئل ٹینکرز حکومت کو ماہانہ اربوں روپے کا ٹیکس دے رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایک رکن قومی اسمبلی کے ساتھ ہو نے والی ناانصافی کے پیش نظر ہم نے جمشید دستی کی حمایت میں حکومت وقت کی غلط فہمی کو دور کرنے کے لئے ثالثی کا کردارادا کرنے کا اعلان کیا ہے اور حکومت کو اس بارے دو دن کی ڈیڈ لائن بھی دی ہے کہ وہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔ بصورت دیگر دو دن کے بعد آل پاکستان آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن جو کہ ملک کی 32 ہزار سے زائد کی آئل ٹینکرز کی نمائندہ ایسوسی ایشن ہے آئندہ کے لائحہ کا اعلان کرے گی