کابینہ کمیٹی کا اجلاس، سبسڈائزڈ آٹے کی طلب ، رسد کی نگرانی کا حکم

صوبے میںکسی بھی جگہ سبز تھیلے کی عدم دستیابی یا قلت نہیں ہونی چاہیے : ملک ندیم کامران سبسڈائزڈ آٹے کی وافر دستیابی کیلئے فلورملز پر محکمہ خوراک کا عملہ تعینات کیا جائے،چیف سیکرٹری کی ہدایت

جمعرات 15 جون 2017 17:44

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2017ء) صوبائی وزیر منصوبہ بندی وترقیات ملک ندیم کامران نے ہدایت کی ہے کہ فلور ملز کو سبسڈائزڈ گندم کی فراہمی، پسائی اور مارکیٹ میں سپلائی کے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق صوبے میں ہر دکان پر سبسڈائزڈآٹاوافرمقدار میں دستیاب ہونا چاہئے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس سہولت سے مستفید ہوں۔

یہ ہدایت انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں رمضان پیکج کے حوالے سے کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے 9ارب روپے سے زائد کارمضان پیکج دیا گیا ہے جس کے تحت آٹے اور چینی پر خصوصی سبسڈی فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میںکسی بھی جگہ سبز تھیلے کی عدم دستیابی یا قلت کی شکایت موصول نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری پنجاب کیپٹن (ر) زاہد سعید نے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ سفید تھیلے میں غیر سبسڈائزڈ آٹے کی فروخت پرپابندی اور سبسڈائزڈ آٹے کی وافر دستیابی یقینی بنانے کیلئے فلورملز پرمحکمہ خوراک کا عملہ تعینات کیا جائے۔ رمضان بازاروں کے انتظامات کو مزید بہتر بنایا جائے اوران بازاروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی اورگردونواح میں بھی صفائی کا خاص خیال رکھا جائے۔

سیکرٹری خوراک نے اجلاس کو بتایا کہ مارکیٹ میں سبز تھیلے میں سبسڈائزڈ آٹے کی سپلائی کئی گنا بڑھا دی گئی ہے۔ اس وقت دکانوں پر 80سی90فیصد تک سبسڈائزڈ آٹا موجود ہے۔ جبکہ دکانوں پر پہلے سے موجود سفید تھیلا آٹا انتہائی کم تعداد میں موجودہے۔ اجلاس میںسیکرٹری انڈسٹریز، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ، ڈپٹی کمشنر لاہور اور محکمہ زراعت، لائیوسٹاک کے افسران نے شرکت کی جبکہ ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :