اپر کوہستان میں جرگہ سسٹم کی بدولت برسوں کی دشمنیاں دوستیوں میں بدل گئیں

جمعرات 15 جون 2017 16:30

بٹگرام۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2017ء) جرگہ سسٹم پختون ثقافت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے، جرگہ سسٹم ہی کے ذریعہ برسوں کی دشمنیاں دوستی میں بدل گئی ہیں، صوبائی حکومت جرگہ سسٹم کو مزید فعال کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار اپر کوہستان کے معززین نے ایک سروے کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن پاکستان نے محکمہ ثقافت خیبر پختونخوا اور رچ کے تعاون سے اپر کوہستان کے علاقہ شتیال میں کلچرل جرگہ کے حوالہ سے ایک شاندار تقریب کا انعقاد کیا۔

تقریب میں تنظیم ہذا کے ایگزیکٹو کوآڈینیٹر علیم خان سمیت صحافی برادری، بلدیاتی ناظمین و نائبین شعراء سمیت مقامی لوگوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے شرکاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ جرگہ سسٹم پختون ثقافت میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جرگہ سسٹم ہی کے ذریعہ ہمیشہ معاشرہ سے برائیاں ختم کی گئی ہیں اور معاشرہ میں امن کی فضاء بحال ہوئی ہے۔ تقریب کے اختتام پر سرٹیفکیٹ، فارم اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :