سندھ ہائیکورٹ میںجے آئی ٹی سے متعلق بیان بازی پر مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

درخواست میں مسلم لیگ (ن) کے قائدین کے علاوہ وفاقی وزارت اطلاعات اور پیمرا کو بھی فریق بنایاگیا

جمعرات 15 جون 2017 14:38

سندھ ہائیکورٹ میںجے آئی ٹی سے متعلق بیان بازی پر مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2017ء) سندھ ہائیکورٹ میں پانامہ کیس کی تحقیقات کرنیوالی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم سے متعلق بیان بازی پر حکومتی اراکین کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ‘ درخواست میں مسلم لیگ (ن) کے قائدین کے علاوہ وفاقی وزارت اطلاعات اور پیمرا کو بھی فریق بنایاگیا۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے مطابق جمعرات کو سہیل بیگ نوری نامی شہری کی جانب سے دائردرخواست میں موقف اپناگیا کہ نہال ہاشمی، آصف کرمانی ، طلال چوہدری اور دانیال عزیز کی جانب سے مسلسل جے آئی ٹی کو ہراساں کیا جارہا ہے جس سے تفتیش متاثر ہوسکتی ہے۔

درخواست گزارنے عدالت عالیہ سے استدعا کی ہے کہ پاناما جے آئی ٹی کوسپریم کورٹ نے تشکیل دیا ہے، اس لیے فریقین کوجے آئی ٹی کے خلاف بیان بازی سے روکا جائے اورنہال ہاشمی ، آصف کرمانی، طلال چوہدری اوردانیال عزیز کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی جائے۔یادرہے کہ وزیراعظم نوازشریف مقررہ وقت پر بغیر پروٹوکول پاناما کیس کی تحقیقات کرنیوالی جے آئی ٹی کے روبرو پیش ہوچکے ہیں جبکہ اس سے قبل حسین نواز اور حسن نواز بھی پیش ہوئے تھے۔