پاکستانی ٹیم کو سیمی فائنل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان کسی بھی معاملے پر عالمی عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں مظالم جاری ہیں اور بھارتی فوج نے رمضان المبارک کا بھی احترام نہیں کیا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے دورہ سعودی عرب میں خلیجی بحران سے متعلق بات چیت کی اور یقین دہانی کروائی کہ پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کرے گا۔ پاکستان میں چینی جوڑے کے قتل پر تشویش ہے، چینی جوڑے کا سی پیک سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا کی میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 15 جون 2017 13:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 15 جون 2017ء) :ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے سیمی فائنل جیتنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ پاکستانی ٹیم فائنل بھی جیتے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں۔مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج نے رمضان المبارک کے مہینے کا ابھی احترام نہیں کیا۔

میڈیا کو ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے کہاکہ وزیر اعظم اور افغان صدر کی تعمیری ملاقات ہوئی ۔ملاقات میں پاک افغان بارڈر اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس ملاقات میں داعش کے مکمل خاتمے اور دونوں ممالک کے مابین اتفاق رائے پر زور دیا گیا۔ ڈرون حملوں سے متعلق پاکستان کی پوزیشن واضح ہے ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے سعودی عرب کے دورے میں ان کاوالہانہ استقبال کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نوازشریف نے سعودی فرمانروا سے ملاقات کے دوران خلیجی بحران سے متعلق بات چیت کی۔ اور سعودی عرب کویقین دہانی کروائی کہ پاکستان حرمین شریفین کی حفاظت کرے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ پاکستان آنے والے بھارتی سکھ یاتریوں کو اٹاری پر روکا گیا۔ صرف چند سکھ یاتریوں کو سرحد پار کرنے کی اجازت دی گئی۔بھارت کے جانب سے ویزا رکھنے والے یاتریوں کے ساتھ یہ سلوک افسوسناک ہے۔

مسافروں کی کم تعدادکابہانہ بناکربھارت نے خصوصی ٹرین نہیں چلائی۔ جبکہ پاکستان کی بھیجی خصوصی ٹرین کوبھی سکھ یاتریوں کو لانے نہیںدیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے مذہبی اقلیتوں کے لیے ہر قسم کے اقدامات کیے ہیں۔لیکن بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے سکھ یاتری جوڑمیلے میں شرکت کے لیے لاہور نہ آسکے۔ بھارتی حکومت کی اس حرکت سے مایوسی ہوئی ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ چینی جوڑے سے متعلق وزرات داخلہ پہلے ہی بتاچکی ہے۔پاکستان کوچینی جوڑے کے بارے میں تشویش ہے۔ تحقیقاتی ادارے اورقانون نافذ کرنے والے ادارے اس سے متعلق معلومات لے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک بات واضح ہے کہ مقتول چینی جوڑے کا سی پیک سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ سی پیک سے متعلق انہوں نے کہا کہ سی پیک اوبور کا ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے جو بنیادی طور پریورپ، ایشیا اور افریقہ کو آپس میں ملائے گا۔

اوبور کا گزشتہ ماہ چین میں اجلاس ہوا۔ اس اجلاس میں 100 سے زائد ممالک کے نمائندے شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عام لوگوں کے معیار زندگی کو بلند کرنے کے لیے معاشی اور اقتصادی سرگرمیاں جاری رکھی جائیں۔ اجلاس میں باہمی تعاون اور تجارتی راوبط برقرا رکھنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر پاکستان کا موقف واضح ہے۔

کلبھوشن یادیو سے متعلق پاکستان نے عالمی عدالت میں بھی پیش کیے۔ کلبھوشن کے پاکستان میں دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد بھی موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے معاملے پر پاکستان کا موقف مضبوط ہے۔ پاکستان کسی بھی معاملے پر عالمی عدالت سے رجوع کر سکتا ہے۔